Dawn News Television

شائع 22 مارچ 2018 12:32am

دفاعی چمپیئن پشاورزلمی اعزاز کے دفاع کیلئے تیار

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کی دفاعی چمپیئن پشاور زلمی نے ٹورنامنٹ کے تیسرے پلے آف میں کراچی کنگز کو 13 رنز سے شکست دے کر کراچی میں ہی ہونے والے فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے دلچسپ میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کامران اکمل کی شاندار کارکردگی کے باعث 16 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔

کامران اکمل نے ٹورنامنٹ کی تیز ترین نصف سنچری بنا کر ریکارڈ بھی بنایا اور 27 گیندوں پر 8 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 77 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز کی جانب سے جو ڈینلی اور بابراعظم نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے میچ کو دلچسپ ضرور بنایا لیکن ان کی کارکردگی میچ جیتوانے کے لیے ناکافی ثابت ہوئی، دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کے لیے 117 رنز کی شراکت قائم کی۔

بابر اعظم 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جو ڈینلی نے آؤٹ ہوئے بغیر 46 گیندوں پر 79 رنز بنائے۔

پی ایس ایل کا فائنل 25 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

Read Comments