Dawn News Television

اپ ڈیٹ 17 اپريل 2018 03:40pm

عدالت نے سلمان خان کو بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت دیدی

بولی وڈ اداکار سلمان خان کو بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع جودھپور کی مقامی عدالت نے فلموں کی شوٹنگ کے لیے بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت دے دی۔

خیال رہے کہ سلمان خان کو نایاب ہرن شکار کیس میں اس وقت ضمانت پر آزاد ہیں، جب کہ انہیں عدالتی حکم کے بغیر بیرون ملک سفر کرنے سے روک دیا گیا تھا۔

سلمان خان کو ایک ماہ سے زائد وقت کے لیے اپنی آنے والی فلموں کے لیے بیرون ملک جانا تھا، اس لیے انہوں نے جودھپور کی سیشن کورٹ میں بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت دینے سے متعلق درخواست دائر کی تھی۔

رپورٹس کے مطابق اداکار سلمان خان نے جودھپور کی عدالت میں درخواست میں عدالت سے استدا کی کہ اپنی فلموں کی شوٹنگ کے سلسلے میں انہیں بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت دی جائے۔

مزید پڑھیں: نایاب ہرن کا شکار: سلمان خان کو 5 سال قید کی سزا

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق جودھپور کی عدالت نے سلمان خان کی درخواست قبول کرتے ہوئے انہیں بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت دے دی۔

اب سلمان خان آئندہ ماہ 25 مئی سے 10 جولائی تک امریکا، نیپال اور کینیڈا کا دورہ کریں گے، جہاں وہ اپنی آنے والی فلموں [ریس تھری‘ اور ’بھارت‘ سمیت دیگر فلموں کی شوٹنگ میں مصروف رہیں گے۔

خیال رہے کہ رواں ماہ 5 اپریل کو جودھپور کی ٹرائل عدالت نے سلمان خان کو نایاب ہرن کے شکار کیس میں 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

تاہم 2 روز بعد ہی اداکار کی درخواست پر جودھپور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سلمان خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے دیا تھا۔ تاہم انہیں عدالتی حکم کے بغیر ملک سے باہر جانے سے روک دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سلمان خان کی ضمانت منظور، قید سے آزاد

اسی کیس میں سلمان خان کے علاوہ سیف علی خان، تبو، سونالی باندرے اور نیلم کے نام بھی شامل تھے، تاہم عدالت نے باقی اداکاروں کو اس کیس سے بری کردیا تھا۔

سلمان خان پر نایاب نسل کے کالے ہرن کا شکار کرنے کا کیس ’انڈین وائلڈ لائف ایکٹ کے سکیشن 1‘ کے تحت درج کیا گیا تھا۔

اداکار پرالزام تھا کہ 1998 میں انہوں نے راجستھان میں فلم 'ہم ساتھ ساتھ ہیں' کی شوٹنگ کے دوران نایاب کالے ہرن کا شکار کیا جہاں جانوروں کا شکار کرنا غیر قانونی تھا۔

اداکار پر مزید الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے یہ شکار اپنے غیر قانونی اسلحہ سے کیا تھا۔

یہ سیشن نایاب نسل کے تمام جانوروں سمیت کالے نسل کے ہرن کے تحفظ سے متعلق ہے۔

Read Comments