سلمان خان کی ضمانت منظور، قید سے آزاد

اپ ڈیٹ 07 اپريل 2018
—فوٹو: ہندوستان ٹائمز
—فوٹو: ہندوستان ٹائمز

بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع جودھپور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سلمان خان کی نایاب سیاہ ہرن کے شکار کیس میں ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے دیا۔

عدالتی احکامات کے بعد اداکار کو جیل سے رہا کردیا گیا، سلمان خان 5 اپریل سے جیل میں قید تھے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج رویندرا کمار نے ان کی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے اداکار کو 25، 25 ہزار روپے کے 2 مچلکے عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیا۔

خیال رہے کہ سلمان خان کو 5 اپریل کو جودھپور کی ٹرائل عدالت نے 20 سال پرانے نایاب ہرن کے شکار کے کیس میں 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

ٹرائل کورٹ نے سلمان خان کے ساتھ دیگر ملزمان اداکار سیف علی خان، اداکارہ، تبو، نیلم اور سونالی باندرے سمیت ایک اور ملزم کو کیس سے بری کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نایاب ہرن کے شکار کیس میں کب کیا ہوا؟

عدالتی فیصلے کے بعد سلمان خان کو 5 اپریل کو ہی جودھپور کے سینٹرل جیل کے بیرک نمبر 2 میں قید کیا گیا تھا۔

سلمان خان نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس پر ابتدائی سماعت 6 اپریل کو ہوئی تھی۔

ابتدائی سماعت میں سلمان خان کی ضمانت کا فیصلہ نہیں ہوسکا تھا، جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 7 اپریل کی صبح 10 بجے مقرر کی تھی۔

7 اپریل کی صبح کو ہی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں کیس کی سماعت شروع ہوئی، عدالت نے سہ پہر 3 بجے اداکار کی ضمانت منظور کی، جب کہ انہیں جیل سے شام 5 بجے رہا کیا گیا۔

بھارتی نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق جج رویندرا کمار نے سلمان خان کی ضمات 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔

ساتھ ہی عدالت نے اداکار کو اس بات کا بھی پابند کردیا کہ وہ عدالتی اجازت کے بغیر بیرون ملک کا سفر نہیں کر سکیں گے۔

عدالت نے سلمان خان کو آئندہ ماہ 7 مئی کو عدالت میں پیش ہونے کا بھی حکم دیا۔

مزید پڑھیں: سلمان کے جیل جانے سے بولی وڈ کو ایک ہزار کروڑ کا نقصان

سلمان خان نے جودھپور سینٹرل جیل میں 2 دن اور ایک رات گزاری، وہ اپنی 52 سالہ زندگی میں چوتھی بار جیل گئے تھے۔ سلمان خان مجموعی طور پر اب تک 19 دن سے زائد کا وقت جیل میں گزار چکے ہیں۔

دبنگ ہیرو اسی کیس میں تیسری مرتبہ جیل گئے تھے اور تیسری بار بھی ان کی ضمانت ہوگئی۔

سلمان خان جودھپور سینٹرل جیل سے شام کے وقت نکلنے کے بعد پولیس کی سیکیورٹی میں ایئرپورٹ پہنچے، جہاں سے وہ خصوصی طیارے کے ذریعے ممبئی روانہ ہوئے۔

سلمان خان کے جیل سے باہر آتے ہی جودھپور اور ممبئی سمیت ہندوستان بھر میں ان کے مداحوں نے جشن منایا۔

تبصرے (0) بند ہیں