Dawn News Television

شائع 27 اپريل 2018 12:08am

دل کو ہمیشہ صحت مند رکھنے کی کنجی

روزانہ کچھ دیر کی ورزش دل کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے کافی ثابت ہوتی ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

ہارورڈ میڈیکل اسکول کی تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ کچھ دیر کی جسمانی سرگرمیاں خلیات کو دوبارہ بننے میں مدد دتی ہیں جس سے جسمانی ورم اور ان مسائل سے لڑنے میں مدد ملتی ہے جو امراض قلب کا باعث بنتے ہیں۔

مزید پڑھیں : امراض قلب کا خطرہ بڑھانے والی حیران کن وجوہات

اس تحقیق کے دوران چوہوں پر تجربات کرنے کے بعد یہ نتائج مرتب کیے گئے کہ کچھ دیر کی ورزش ہارٹ اٹیک کے مریضوں کی بحالی نو کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کو عمر بڑھنے سے امراض قلب کے خطرے سے بچاتی ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ عمر بڑھنے سے دل کے خلیات میں کمی آنے کا امکان ہوتا ہے اور صحت مند دل کے لیے نئے ہارٹ مسل سیلز بنانے کی ضرورت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ ورزش اس توازن کو برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے۔

ان کا تو کہنا تھا کہ لوگ روزانہ ورزش کرکے اپنے دل کو جوان سے جوان تر بناسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : فالج اور ہارٹ اٹیک سے بچانے والی عام عادتیں

خیال رہے کہ انسانی دل میں اپنے آپ کو نیا بنانے کی صلاحیت بہت کم ہوتی ہے اور نوجوانوں میں نئے دل کے خلیات بننے کی شرح ایک فیصد ہوتی ہے جبکہ عمر بڑھنے سے اس میں کمی آجاتی ہے۔

اگر طرز زندگی سست ہو یعنی زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا اور جسمانی سرگرمیوں سے دوری، تو امراض قلب درمیانی عمر میں ہی شکار بناسکتے ہیں۔

اس تحقیق کے نتائج جریدے جرنل نیچر کمیونیکشن میں شائع ہوئے۔

Read Comments