Dawn News Television

اپ ڈیٹ 16 مئ 2018 05:00pm

'اسپورٹس سے پاک-بھارت تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں'

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپورٹس سے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں۔

عامر خان نے لاہور میں حضرت علی بن عثمان ہجویریؒ المعروف داتا گنج بخش کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

دربار پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ اسپورٹس سے پاک-بھارت تعلقات بہتر ہو سکتے ہیں، باکسنگ رنگ دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کو یکجا کرسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: عامر خان نے عمران خان کی دعوت قبول کر لی

ان کا کہنا تھا کہ وہ پاک بھارت تعلقات میں امن کے سفیر کا کردار ادا کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

عالمی شہرت یافتہ باکسر نے کہا کہ وہ رمضان کے بعد ’عامر خان سپر باکسنگ لیگ‘ کیلئے بڑا اعلان کریں گے۔

انہوں نے اپنی اگلی فائٹ کے حوالے سے بتایا کہ وہ اب ستمبر کے مہینے میں مقابلہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عامر خان کا پاکستان میں باکسنگ لیگ منعقد کرانے کا اعلان

عامر خان نے دربار سے روانگی سے قبل زائرین میں لنگر بھی تقسیم کیا۔

خیال رہے کہ عامر خان کو مئی 2016 میں امریکا کے شہر لاس ویگاس میں ہونے والی فائٹ میں میکسکو کے باکسر کنیلو الواریز نے ناک آؤٹ کر دیا تھا جس کے بعد سے وہ باکسنگ رنگ سے دور تھے۔

مزید پڑھیں: باکسر عامر خان کے ہاں ننھی پری کی آمد

تاہم گزشتہ ماہ انہوں نے دو سال بعد باکسنگ رنگ میں واپسی کی اور کینیڈا سے تعلق رکھنے والے حریف فل لو گریشو کو صرف 39 سیکنڈز میں ناک آؤٹ کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ معروف عالمی باکسر عامر خان نے گزشتہ سال ستمبر کے مہینے میں ’’سپر باکسنگ لیگ‘‘ کے نام سے پاکستان کی پہلی باکسنگ لیگ منعقد کرانے کا اعلان کیا تھا۔

Read Comments