اسلام آباد: گزشتہ 5 برس کے دوران ملک میں مذہبی اقلیتوں کے رجسٹر ووٹرز کی تعداد میں 30 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
2013 کے عام انتخابات میں اقلیتی ووٹرز کی کل تعداد 27 لاکھ 70 ہزار کے قریب تھی، جو اب بڑھ کر 36 لاکھ 30 ہزار ہوچکی ہے، یعنی اس تعداد میں کل 8 لاکھ 60 ہزار رائے دہندگان کا اضافہ ہوا۔
ڈان کو دستیاب سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اقلیتی رجسٹر ووٹرز میں اب بھی ہندو ووٹرز کی تعداد سب سے زیادہ ہے، تاہم 2013 کے برعکس اب ان کی تعداد اقلیتی ووٹرز کی کل تعداد کے نصف کے برابر نہیں۔
واضح رہے 2013 میں ہندو ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ کے قریب تھی جبکہ کل اقلیتی ووٹرز کی تعداد 27 لاکھ 70 ہزار تھی، یعنی اقلیتی ووٹرز کی کل تعداد میں نصف سے زیادہ تعداد ہندو ووٹرز پر مشتمل تھی۔
اس کے بر عکس اب ہندو رائے دہندگان کی تعداد 17 لاکھ 70 ہزار ہے جس میں سے زیادہ تر کا تعلق سندھ سے ہے اور سندھ کے 2 اضلاع میں کل رجسٹرڈ ووٹرز میں ہندو ووٹر کی تعداد 40 فیصد ہے۔
اسی طرح مسیحی برادری اقلیتی ووٹرز میں دوسرے نمبر پر ہے، جن کی تعداد 16 لاکھ 40 ہزار ہے، جس میں سے 10 لاکھ کے قریب صرف پنجاب جبکہ 2 لاکھ ووٹر سندھ سے تعلق رکھتے ہیں، ہندو ووٹرز کے برعکس 2013 کے مقابلے میں ان کی تعداد میں خاصہ اضافہ دیکھا گیا۔