Dawn News Television

شائع 19 جون 2018 07:52pm

اب کمپیوٹر سے ایس ایم ایس کرنا ممکن

اگر تو اب بھی آپ واٹس ایپ یا دیگر میسجنگ اپلیکشن کی جگہ ایس ایم ایس کو ترجیح دیتے ہیں جو اچھی خبر یہ ہے کہ اب آپ یہ کام اپنے کمپیوٹر کے ذریعے بھی کرسکیں گے اور وہ بھی مفت۔

جی ہاں گوگل نے آخرکار ٹیکسٹ سروس کے لیے اینڈرائیڈ میسجز کی ڈیسک ٹاپ سپورٹ متعارف کرادی ہے۔

اس اپ ڈیٹ کی بدولت اینڈرائیڈ اسمارٹ فون استعمال کرنے والے اپنے لیپ ٹاپ یا ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر پیغامات بھیج اور موصول کرنے کے ساتھ ساتھ، تصاویر اور اسٹیکر وغیرہ بھی ارسال کرسکیں گے۔

مزید پڑھیں : گوگل واٹس ایپ کے مقابلے پر بڑا ہتھیار لے آیا

اس مقصد کے لیے صارف کو اپنے فون میں اینڈرائیڈ میسجز ایپ کو انسٹال کرنا ہوگا، یا اسے اپ ڈیٹ کرنا ہوگا۔

اس کے بعد اینڈرائیڈ میسجز کی ڈیسک ٹاپ ویب سائٹ پر جاکر کیو آر کوڈ اسکین کرنا ہوگا، جس کا طریقہ کار وہاں درج بھی ہے۔

گوگل کے مطابق یہ سروس تمام بڑے براﺅزر میں دستیاب ہوگی، فی الحال یہ سپورٹ کروم، فائرفوکس، سفاری اور ایج میں دستیاب ہے۔

ڈیسک ٹاپ سے مفت ایس ایم ایس کرنے کے لیے ایک چیز کا خیال رکھنا ہوگا کہ موبائل فون انٹرنیٹ سے کنکٹ ہو، اب چاہے وہ موبائل ڈیٹا ہو یا وائی فائی۔

یہ بھی پڑھیں : غلطی سے بھیجے جانے والے ایس ایم ایس کی واپسی ممکن

گوگل کے مطابق وائی فائی کے ذریعے اس سروس کو استعمال کرنا موبائل ڈیٹا بچانے میں مدد دے گا۔

گوگل کی جانب سے رواں سال فروری میں اس سروس کو متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اینڈرائیڈ میسجز ویب سپورٹ صارفین کو آج سے فراہم کردی گئی ہے اور اکثر افراد اسے رواں ہفتے کے اختتام تک استعمال کرسکیں گے۔

Read Comments