Dawn News Television

اپ ڈیٹ 25 جون 2018 03:54pm

کراچی میں پانی کے بحران سے شاہد آفریدی بھی پریشان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی پاکستان کے معاشی حب کراچی میں پانی کے مسائل پر لب کشائی کرتے ہوئے اسے تشویش ناک قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں ریکارڈ ساز آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ملک میں حکومتیں آتی اور چلی جاتی ہیں لیکن پانی کا مسئلہ حل نہیں ہورہا۔

کراچی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو وجود میں آئے ہوئے 70 برس ہوگئے لیکن پاکستان کے لیے شہ رگ کی حیثیت رکھنے والے کراچی شہر کے مسائل آج تک حل نہیں کیے جاسکے۔

اپنے پیغام میں شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ سمندر کے کنارے پر واقع ہونے کے باوجود کراچی کے مکین پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔

خیال رہے کہ کراچی میں پانی کا بحران شدید سے شدید تر ہوتا جارہا ہے اور شہر میں پانی کی قلت کی وجہ سے شہر میں احتجاج کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ حب ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک پہنچنے کے بعد کراچی اور حب شہر کو پانی کی فراہمی بند کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

9 جون کو قلتِ آب کے حوالے سے سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے تھے کہ ’ہم نے پانی کی قلت کے خاتمے کا تہیہ کر لیا ہے، اب سپریم کورٹ ڈیمز بنانے سے متعلق آگے بڑھے گی اور کردار ادا کرے گی‘۔

Read Comments