دیسی گرل کا نیویارک کی گلیوں میں‘غیر رومانوی رقص‘
بولی وڈ کی دیسی گرل پریانکا چوپڑا جو ان دنوں اپنی ہولی وڈ و بولی وڈ فلموں کی شوٹنگ سمیت اپنی امریکی گلوکار نک جونس سے محبت کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔
وہ جلد ہی ایک رومانٹک کامیڈی ہولی وڈ فلم میں دیسی اسٹائل کا ولایتی ڈانس کرتی دکھائی دیں گی۔
جی ہاں، 35 سالہ پریانکا چوپڑا ہولی وڈ کی آنے والی فلم ‘ازنٹ اٹ رومانٹک’ یعنی یہ رومانوی نہیں ہے میں جہاں محبت پر یقین نہ رکھنے والی خاتون کا کردار نبھاتی نظر آئیں گی، وہیں وہ اس فلم میں ڈانس بھی کرتی دکھائی دیں گی۔
ہندوستان ٹائمز نے برطانوی اخبار کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ پریانکا چوپڑا نے ‘ازنٹ اٹ رومانٹک’ کی مرکزی کاسٹ کے ساتھ امریکا کے مصروف ترین شہر نیویارک کی اہم سڑک پر ڈانس کی شوٹنگ میں حصہ لیا۔
رپورٹ کے مطابق پریانکا چوپڑا نے فلم کے ہیرو لیام ہیمس ورتھ اور معاون اداکارہ رابیل ولسن سمیت دیگر کاسٹ کے ساتھ نیویارک کی معروف شاہراہ 40 اسٹریٹ اور پارک اوینیو مین ہٹن میں گانے کی شوٹنگ میں حصہ لیا۔