پریانکا چوپڑا نے سلمان کے بعد سنجے لیلیٰ کو بھی دھوکا دے دیا
بولی وڈ پگی چوپس پریانکا چوپڑا جو ان دنوں بھارت اور بولی وڈ فلموں کے بجائے اپنی ہولی وڈ فلموں اور امریکا پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں، انہوں نے سلمان خان کے بعد فلم ساز سنجے لیلیٰ بھنسالی کو بھی دھوکا دے دیا۔
جی ہاں، پریانکا چوپڑا نے کچھ دن قبل ہی جہاں سلمان خان کی آنے والی ایکشن فلم ‘بھارت’ میں کام کرنے سے معزرت کی تھی، وہیں اب انہوں نے معروف فلم ساز سنجے لیلیٰ بھنسالی کی آنے والی فلم میں بھی کام کرنے سے معزرت کرلی۔
اطلاعات تھیں کہ سنجے لیلیٰ بھنسالی اداکارہ کے ساتھ بھارت کی گینگسٹر خاتون ‘گنگو بائی کوٹھی والی’ پر فلم بنانے کا ارادہ رکھتے تھے۔
خبریں تھیں کہ سنجے لیلی بھنسالی اس فلم میں پریانکا چوپڑا کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے، تاہم اداکارہ کی ترجیحات تبدیل ہوگئیں اور انہوں نے فلم ساز کی فلم میں ایکشن دکھانے سے انکار کردیا۔
ڈی این اے انڈیا کی رپورٹ کے مطابق پریانکا چوپڑا نے حال ہی میں ایک اور ہولی وڈ فلم ‘کاؤ بوائے ننجا وائکنگز’ میں کام کرنے کا معاہدہ کرنے کے بعد بولی وڈ فلم میں کام کرنے سے معزرت کی۔
اگرچہ سنجے لیلیٰ بھنسالی نے اس بات کا حتمی اعلان نہیں کیا تھا کہ وہ پریانکا چوپڑا کے ساتھ ہی گنگو بائی کوٹھی والی کی زندگی پر فلم بنانے جا رہے ہیں۔