Dawn News Television

اپ ڈیٹ 09 اگست 2018 08:30pm

سندھ کے ابھرتے ہوئے آرٹسٹ اور ان کا فن

کراچی کے نیشنل میوزیم آف پاکستان میں محکمہ ثقافت سندھ اور ایک نجی تنظیم کی جانب سے صوبے کے 50 ایسے آرٹسٹوں کے فن پاروں، کیلی گرافی اور پینٹنگز کی نمائش کا اہتمام کیا گیا، جنہیں پہلے کبھی اپنی صلاحتیں منوانے کا موقع نہیں ملا۔

2 روزہ نمائش کا اہتمام 7 سے 8 اگست تک جاری رہا، جس میں 3 طرح کے آرٹسٹوں کی پینٹنگز اور کیلی گرافی کو دیکھنے کے لیے سیکڑوں شہری امڈ آئے۔

جن آرٹسٹوں کی پینٹنگز، کیلی گرافی اور فن پاروں کی نمائش کی گئی تھی ان میں سے کچھ فنکار ایسے تھے جو ابھی تعلیم حاصل کر رہے تھے، جب کہ کچھ فنکار ایسے تھے جنہوں نے پینٹنگز اور فن پارے بنانے کی کبھی کسی سے کوئی تربیت تک ہی نہ لی تھی، جب کہ کچھ فنکار ایسے تھے جو پیشہ ورانہ آرٹسٹ تھے۔

زیادہ تر آرٹسٹوں کا تعلق صوبائی دارالحکومت کراچی سے تھا اور ان میں 40 سے زیادہ فنکار خواتین پر مبنی تھیں۔

خواتین آرٹسٹوں میں زیادہ تر کی عمریں 18 سے 25 سال کے درمیان تھیں جب کہ کچھ فنکار خواتین کی عمریں 45 سال تک بھی تھیں۔

نمائش میں حصہ لینے والی خواتین فنکاروں کا کہنا تھا کہ انہیں رنگوں سے کھیلنا، انہیں کینوس پر اتارنا اور ان سے سماج کی مںظر کشی کرنا زندگی کا سب سے خوبصورت اور آسان کام لگتا ہے۔

خواتین فنکاروں کے مطابق جن خواتین کو معاشرے میں مختلف اقسام کے دباؤ، منفی رویوں اور ڈپریشن جیسے مسائل کا سامنا ہے، انہیں آرٹ میں پناہ لینی چاہیے، کیوں کہ رنگوں کی دنیا ہی ان کی پریشانی سے بھری زندگی میں رنگ بکھیر سکتی ہے۔

نمائش کا حصہ بننے والی خواتین آرٹسٹوں میں سے چند ایسی بھی تھیں جو نچلے طبقے سے تعلق رکھتی ہیں اور انہوں نے اپنے اہل خانہ، بچوں اور شوہر کی مدد سے مصوری کی دنیا میں قدم رکھا۔


تصاویر بشکریہ: غازی حسین حیدری

Read Comments