ودیا بالن، اندرا گاندھی سے جے للیتا اور سابق وزیراعلیٰ کی بیوی تک
بولی وڈ کی ‘ڈرٹی گرل’ ودیا بالن جلد ہی ایک نہیں بلکہ متعدد بائیوگرافی فلموں اور ویب سیریز میں بھارت کی انتہائی بااثر اور اہم خواتین کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔
اگرچہ یہ اطلاعات بھی تھیں کہ ودیابالن بولی وڈ کی سابق اداکارہ مینا کماری سمیت دیگر اداکاراؤں کی زندگی پر بننے والی فلموں میں بھی جلوے دکھاتی نظر آئیں گی۔
تاہم تاحال اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ وہ فلموں میں مینا کماری سمیت دیگر اداکاراؤں کے روپ میں نظر آئیں گی۔
لیکن اس بات کی تصدیق ہوچکی ہے کہ ودیابالن آنے والی ایک فلم میں سابق بھارتی اداکارہ اور ریاست تامل ناڈو کی سابق آنجھانی وزیر اعلیٰ جے للیتا جب کہ ایک اور فلم میں سابق اداکار اور ریاست آندھرا پردیش کے آنجھانی سابق وزیراعلیٰ نندا موری تارک راما راؤ جو این ٹی آر کے نام سے مشہور تھے ان کی بیوی کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔
ساتھ ہی اس بات کی بھی تصدیق ہوگئی ہے کہ ودیا بالن جلد ہی ایک ویب سیریز میں بھارت کی سابق پہلی خاتون وزیر اعظم اندرا گاندھی کا بھی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔
یوں ودیابالن اب تک کی وہ پہلی بولی وڈ اداکارہ بن جائیں گی جو بھارت کی اہم سیاستدان خواتین کا کردار نبھائیں گی۔