کترینہ کو زیادہ اہمیت دینے پر سلمان سے جیکولین خفا
اگرچہ بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان نے نہ صرف کترینہ کیف بلکہ جیکولین فرنانڈس کے ساتھ بھی کامیاب فلمیں کی ہیں اور وہ دونوں ہی اداکاراؤں کو اہمیت بھی دیتے ہیں۔
لیکن اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ اسکرین پر جیکولین فرنانڈس سے زیادہ کترینہ کیف کے ساتھ سلمان خان کی جوڑی کو سراہا جاتا ہے۔
اور شاید اسی وجہ سے ہی سلمان خان کی آنے والی فلم ‘بھارت’ کے لیے انہیں کاسٹ بھی کیا گیا۔
لیکن کترینہ کیف کو حد سے زیادہ اہمیت دینے پر سلمان خان سے جیکولین فرنانڈس خفا ہوگئیں۔
اطلاعات ہیں کہ سلمان خان کی جانب سے بھارت میں کترینہ کیف کو کاسٹ کرنے پر جیکولین فرنانڈس افسردہ ہیں۔
ڈی این اے انڈیا نے ایک اور بھارتی نشریاتی ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی خبر میں بتایا کہ جیکولین فرنانڈس کو اس بات کا مکمل یقین تھا کہ پریانکا چوپڑا کی جانب سے ‘بھارت’ میں کام کرنے سے انکار کے بعد سلمان خان انہیں ہی فلم میں کاسٹ کریں گے۔
لیکن جیکولین فرنانڈس کی توقعات پر اس وقت پانی پھر گیا، جب فلم کی ٹیم نے پریانکا کی جگہ کترینہ کیف کو کاسٹ کرنے کا اعلان کیا۔
رپورٹس کے مطابق ‘بھارت’ میں اپنی جگہ کترینہ کیف کو کاسٹ کیے جانے کے سلمان خان کے فیصلے پر جیکولین فرنانڈس افسردہ ہیں، ساتھ ہی وہ اداکار سے خفا بھی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سلمان خان کیلئے ہیروئن ڈھونڈنا مسئلہ بن گیا
خیال رہے کہ پریانکا چوپڑا نے اپنی منگنی اور مبینہ طور پر فلم کی ٹیم کی جانب سے پروفیشنل رویہ اختیار نہ کیے جانے پر شوٹنگ شروع ہونے کے بعد فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔