ورون اور عالیہ دور حاضر کے شاہ رخ اور کاجول
بولی وڈ اداکار ورون دھون اور عالیہ بھٹ جو ان دنوں اپنی آنے والی فلم ‘کلنک’ کی تشہیر میں مصروف ہیں، اسکرین پر ان دونوں کی جوڑی کو بہت سراہا جاتا ہے۔
ان دونوں کی جوڑی کی خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے ایک ساتھ ایک ہی فلم سے کیریئر کا آغاز کیا تھا، جس میں دونوں نے ایک دوسرے کے کلاس فیلو اور دوست کا کردار ادا کیا تھا۔
اگرچہ 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘اسٹوڈنٹ آف دی ایئر’ میں بھی عالیہ بھٹ ورون دھون کو چھوڑ کر سدھارتھ ملہوترا کی محبت بن جاتی ہیں۔
تاہم حقیقی زندگی میں بھی وہ ورون دھون کے بجائے رنبیر کپور کے زیادہ قریب ہے، لیکن پھر بھی ان دونوں کی جوڑی کو سراہا جاتا ہے۔
ورون دھون اور عالیہ بھٹ نے ‘اسٹوڈنٹ آف دی ایئر، کلنک، ہمپتی شرمیا کی دلہنیا، بدری ناتھ کی دلہنیا اور شدھی’ جیسی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے، جنہوں نے باکس آفس پر اچھی کمائی کرنے سمیت شائقین کو بھی خوب محظوظ کیا۔
ان دونوں کی جوڑی کو دور حاضر کی شاہ رخ اور کاجول کی جوڑی بھی قرار دیا جاتا ہے، کیوں کہ ماضی میں شاہ رخ اور کاجول نے بھی کئی ہٹ فلمیں دیں اور ابھی تک وہ بولی وڈ کی کامیاب آن اسکرین جوڑی مانی جاتی ہے۔