بپاشا باسو اور اس کے شوہر کی ‘عادت’
رومانٹک تھرلر فلموں میں کام کرنے سے شہرت حاصل کرنے والی بپاشا باسو گزشتہ کچھ عرصے سے فلموں سے دور ہیں۔
بپاشا باسو کی آخری فلم ‘الون’ ان کی شادی سے قبل 2015 میں ریلیز ہوئی تھی۔
بپاشا باسو نے 2015 میں ریلیز ہونے والی رومانٹک تھرلر فلم ‘الون’ میں اپنے ہونے والے شوہر کرن سنگھ گروور کے ساتھ کام کیا تھا۔
رومانٹک تھرلر فلم کی شوٹنگ کرتے کرتے ان دونوں میں پیار ہوا اور اگلے ہی سال اپریل 2016 میں ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ایک ہوگئے۔
اب شادی کے تین سال بعد دونوں ایک ساتھ رومانٹک تھرلر فلم ’عادت’ میں نظر آئیں گے۔
ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اطلاعات ہیں کہ بپاشا باسو اور ان کے شوہر کرن سنگھ گروور جلد ہی ‘عادت’ کی شوٹنگ شروع کردیں گے۔
رپورٹ کے مطابق ‘عادت’ کی شوٹنگ رواں برس جون میں ہی شروع ہونی تھی، تاہم جوڑے کی مصروفیات کے باعث اس کی شوٹنگ آئندہ ماہ ستمبر تک مؤخر کردی گئی۔
اب اطلاعات ہیں کہ جلد ہی دونوں فلم کی شوٹنگ کے لیے لندن روانہ ہوں گے۔
فلم کی ہدایات بشن پٹیل دیں گے، جو اس سے قبل جوڑے کی فلم ‘الون’ کی بھی ہدایات دے چکے ہیں۔