شائع ستمبر 12, 2018 02:03pm

’مزید دو سال‘

انٹرٹینمنٹ ڈیسک

بولی وڈ اداکارہ کرینہ کپور خان کا بیٹا تیمور رواں سال دسمبر میں دو سال کا ہوجائے گا، تاہم ابھی سے اداکارہ کے سامنے دوسرے بچے کی سوالات سامنے آنے لگے ہیں۔

کرینہ کپور خان حال ہی میں ایک بھارتی شو کا حصہ بنیں، جہاں ان سے سوال کیا گیا کہ وہ دوسرے بچے کے حوالے سے کیا منصوبہ بندی کررہی ہیں۔

کرینہ کپور نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’مزید دو سال‘ یعنی وہ ابھی دو سال کا وقفہ لیں گی۔

مزید پڑھیں: کرینہ اور سیف کے بیٹے سے متعلق 4 دلچسپ باتیں

اس شو پر اداکارہ کے ساتھ ان کی سب سے قریبی دوست امریتا اروڑا بھی موجود تھیں۔

امریتا نے بھی اس سوال پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے کرینہ کو کہہ دیا ہے کہ اگر وہ دوبارہ حاملہ ہونے کا ارادہ کریں تو مجھے پہلے ضرور بتادیں تاکہ میں اس وقت یہ ملک چھوڑ دوں‘۔

خیال رہے کہ کرینہ اور سیف 2012 میں شادی کے بندھن میں بندھے، دونوں ایک ساتھ کئی فلموں میں کام کرچکے ہیں جن میں ’اوم کارا‘، ’ٹشن‘، اور ’قربان‘ وغیرہ شامل ہیں۔

کرینہ کپور خان کے ہاں 2016 دسمبر میں پہلے بیٹے تیمور کی پیدائش ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ کرینہ کپور کے سابق بوائے فرینڈ اور اداکار شاہد کپور کے ہاں رواں ماہ 5 ستمبر کو دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی۔

شاہد کپور کی پہلی بیٹی میشا 2016 میں پیدا ہوئی تھی، انہوں نے اپنے بیٹے کا نام زین کپور رکھا ہے۔

شاہد کپور کو ان کی انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے کئی اداکاروں نے مبارکباد دی، جن میں سے ایک سونم کپور بھی تھیں، جنہوں نے رواں برس مئی میں اپنے دیرینہ دوست آنند آہوجا سے شادی کی تھی۔

سونم کپور نے شاہد کپور کو بیٹے کی پیدائش پر ٹوئیٹ کے ذریعے مبار کباد دیتے ہوئے لکھا کہ انہیں اور ان کی اہلیہ کو خاندان کے ایک فرد کے اضافے پر مبارک قبول ہو۔

اداکارہ نے ٹوئیٹ میں مزید لکھا کہ ‘اب میشا راجپوت اپنے بھائی کے ساتھ کھیل سکیں گی‘۔

شاہد کپور نے ساتھی اداکارہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان سے سوال کیا کہ وہ کب ایسی خوشخبری دیں گی اور وہ کب ماں بنیں گی؟

Read Comments