Dawn News Television

شائع 14 ستمبر 2018 10:11pm

سابق خاتون اول کلثوم نواز کی تدفین

سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کی اہلیہ اور سابق خاتون اول کلثوم نواز کو جاتی امرا میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے شریف میڈیکل سٹی میں کلثوم نواز کی نماز جنازہ پڑھائی۔

سابق خاتون اول کو جاتی امرا میں اپنے سسر میاں شریف اور دیور عباس شریف کی آخری آرام گاہوں کے پہلو میں سپردخاک کیا گیا۔

کلثوم نواز کی نمازِ جنازہ میں عزیز و اقارب، اہم سیاسی شخصیات اور عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

بیگم کلثوم نواز کا جسد خاکی صبح پونے 7 بجے کے قریب پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے لندن سے لاہور پہنچایا گیا تھا۔

نواز شریف کی اہلیہ 11 ستمبر کو لندن کے ایک نجی ہسپتال ہارلے اسٹریٹ کلینک میں کینسر کے علاج کے دوران 68 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں تھیں۔

وہ گزشتہ برس سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں۔

Read Comments