Dawn News Television

اپ ڈیٹ 18 ستمبر 2018 01:39pm

بھارتی وزیر دفاع کے 'قتل کا منصوبہ' ناکام، ملزمان گرفتار

بھارتی پولیس نے واٹس ایپ پر چیٹنگ کے دوران وزیر دفاع نرملا سیتا رامن کے میبنہ قتل کا منصوبہ بنانے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ بھارتی وزیر دفاع نرملا سیتا رامن نے ریاست اتر کھنڈ کے قصبے کا دورہ کرنا تھا لیکن ان کی آمد سے قبل 2 افراد مبینہ طور پر واٹس ایپ گروپ پر ان کے قتل کا منصوبہ بنارہے تھے۔

بھارتی پولیس کو واٹس ایپ پیغامات سے متعلق اتوار کی شب 9:30 بجے خبردار کیا گیا تھا، تاہم ملزمان کی گرفتاری کے بعد پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کی حالت سے شبہ ہوا تھا کہ وہ نشے میں ہیں۔

اس حوالے سے پتھور گڑھ کے ایس پی رام چندرا راج گرو کا کہنا تھا کہ دونوں ملزمان کے خلاف بھارتی پینل کوڈ کی دفعہ 506 اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی امن کی رائے کو سنجیدگی سے لیا جائے گا، بھارتی وزیر دفاع

انہوں نے بتایا کہ جن 2 افراد کے درمیان پیغامات کا سلسلہ جاری تھا، ہم نے ان کی شناخت کی اور پیر کو وزیر دفاع کی آمد سے قبل انہیں گرفتار کرلیا تھا۔

انڈیا ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ان میں سے ایک ملزم نے متنازع پیغام بھیجا تھا کہ ’میں شوٹ کروں گا سیتا رامن کو اور کل اس کا آخری دن ہوگا‘۔

ایس پی راج گرو کا کہنا تھا کہ دونوں ملزمان کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں لیکن ان سے ہتھیاروں کی موجودگی سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

ایس پی نے مزید بتایا تھا کہ جس واٹس ایپ گروپ پر مکالمہ جاری تھا اس کے ایڈمن کے کوائف کی تفتیش بھی جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو 5 ویں مرتبہ قتل کرنے کا منصوبہ

انہوں نے مزید کہا تھا کہ مذکورہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمان نے یہ گفتگو نشے کی حالت میں کی تھی۔

بھارتی وزیردفاع نرملا سیتا رامن نے پیر کو دھارچلہ قصبے کا دورہ کیا تھا اور وزیراعظم نریندر مودی کے سالگرہ کے موقع پر فوج کی جانب سے قائم کیے گئے میگا میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا تھا۔

خیال رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کی سالگرہ کا دن 'سیوا دیوس' (یومِ خدمت) کے نام سے منایا جاتا ہے۔

Read Comments