Dawn News Television

اپ ڈیٹ 21 ستمبر 2018 12:26pm

ویتنام کے صدر طویل علالت کے بعد وفات پاگئے

ویتنام کے صدر تران ڈائی کوآنگ طویل علالت کے بعد 61 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق ویتنام کی سرکاری نیوز ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا کہ تران ڈائی کوآنگ طویل عرصے سے بیمار تھے اور ان کا ملک میں اور بیرون ملک ماہر ڈاکٹروں نے علاج کیا، تاہم اس کے باوجود زندگی نے ان کا ساتھ نہ دیا۔

وزارت پبلک سیکیورٹی میں چار دہائی گزارنے کے بعد اپریل 2016 میں صدارت کا منصب سنبھالنے والے تران ڈائی کوآنگ ایک سخت رہنما کے طور پر جانے جاتے تھے۔

اگرچہ وہ ملک کے چار اعلیٰ ترین عہدوں میں سے ایک پر فائز اور ملک کے سربراہ تھے لیکن ملکی معاملات میں ان کا کردار رسمی تھا اور وہ غیر ملکی رہنماؤں سے ملاقاتیں اور سفارتی تقاریب میں شرکت کرتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ویتنام میں لینڈ سلائیڈنگ، طوفان سے 54 افراد ہلاک

تران ڈائی کوآنگ عوامی سطح پر آخری بار دو روز قبل ہنوئی میں چینی سیاستدانوں اور غیر ملکی وفود سے ملاقاتوں کے وقت سامنے آئے تھے۔

پولِٹ بیورو کے رکن تران ڈائی کوآنگ کا کمیونسٹ پارٹی کے اندرونی معاملات میں کافی اثر و رسوخ تھا، تاہم عوامی سطح پر انہیں زیادہ پذیرائی حاصل نہ تھی۔

Read Comments