Dawn News Television

اپ ڈیٹ 24 ستمبر 2018 04:58pm

پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی، پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع

لاہور: ایشیا کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص اور مایوس کن کارکردگی کے خلاف قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی گئی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکنِ اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروائی گئی۔

قرار داد میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جاری ایشیا کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی کو انتہائی مایوس کن قرار دیا گیا۔

لیگی قرار داد کا متن تھا کہ روایتی حریف بھارت سے مسلسل دوسری شکست سے پوری قوم کو دلی صدمہ ہوا ہے، اور پاکستان کی دنیا بھر میں جگ ہنسائی ہورہی ہے۔

مزید پڑھیں: ہماری ٹیم عدم اعتماد کا شکار ہوگئی، کوچ مکی آرتھر

کرکٹ ٹیم کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا گیا کہ کرکٹ ٹیم پر سالانہ کرڑوں روپے اخراجات آتے ہیں لیکن اس کے باوجود قومی ٹیم کوئی خاطر خواہ کامیابیاں حاصل نہیں کر پارہی۔

بڑی ٹیموں کے مقابلے میں قومی ٹیم کو نااہل قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ’چھوٹی اور ناتجربہ کار ٹیموں سے آسانی سے میچ جیت لیے جاتے ہیں لیکن بڑی ٹیموں سے مقابلہ کرنے کی اہلیت نہیں ہے‘۔

حنا پرویز بٹ کی درخواست میں مطالبہ کیا گیا کہ یہ ایوان اس عبرت ناک شکست کا نوٹس لے، اور بھارت سے مسلسل دوسری شکست پر پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے جو اس معاملے کی ایک ماہ کے دوران انکوائری مکمل کرکے رپورٹ پیش کرے۔

قرار داد میں کہا گیا کہ انکوائری میں جو لوگ ذمہ دارقرار دیے جائیں ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ: بھارت نے پاکستان کو باآسانی مسلسل دوسری شکست دے دی

مسلم لیگ (ن) کی رکنِ اسمبلی نے قرار داد میں کہا کہ وزیرِاعظم پاکستان عمران خان خود بھی ایک کرکٹر رہے ہیں، ان کو بھارت کے خلاف پاکستان کی شکست کا نوٹس لینا چاہیے۔

23 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم نے ایک مرتبہ پھر پاکستانی ٹیم کو ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے یک طرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے با آسانی شکست دے دی تھی۔

سپر 4 مرحلے کے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 237 رنز اسکور کیے، تاہم بھارتی بیٹنگ کی وسعت کو دیکھتے ہوئے یہ اسکور کم تصور کیا جارہا تھا۔

امکانات کے عین مطابق بھارت نے پُر اعتماد انداز میں ہدف کا تعاقب کیا اور 9 وکٹوں سے فتح سمیٹ لی۔

Read Comments