Dawn News Television

اپ ڈیٹ 24 ستمبر 2018 05:32pm

شلپا شیٹھی کو ‘رنگت’ کی وجہ سے امتیازی سلوک کا سامنا

بولی وڈ وڈ اداکارہ شلپا شیٹھی جو گزشتہ 4 سال سے کسی فلم میں نظر نہیں آئیں، تاہم وہ مسلسل خبروں میں رہتی ہیں۔

43 سالہ اداکارہ آخری بار 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘ڈشکیوں’میں نظر آئی تھیں، تاہم وہ اپنے سماجی کاموں، اسٹائل اور فٹنیس کی وجہ سے خبروں کی زینت بنتی رہتی ہیں۔

اس بار شلپا شیٹھی اپنے ساتھ آسٹریلیا میں ہونے والے مبینہ امتیازی سلوک کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔

شلپا شیٹھی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے دعویٰ کیا کہ انہیں سڈنی سے میلبورن کے لیے سفر کرتے وقت ایئر پورٹ پر نجی ایئرلائن ‘کنٹاس’ کے عملے کی جانب سے نسلی امتیاز کا نشانہ بنایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: افطار پارٹی کے دوران ڈانس کرنے پر شلپا شیٹھی پر تنقید

اداکارہ نے ایئرپورٹ پر سفری بیگ کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہیں ایئرلائن کے عملے نے ‘گندمی رنگت’ کی وجہ سے نسلی امتیاز کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایسے افراد سے اسی طریقے سے ہی بات کرنا درست ہے۔

شلپا شیٹھی کے مطابق وہ بزنس کلاس سے سفر کر رہی تھیں، لیکن جب وہ طیارے میں سوار ہونے کے لیے پہنچیں تو ایئرلائن کی ‘میل’ نامی ملازمہ نے انہیں ‘گندمی رنگت’ کا کہ کر ان کا آدھے سے زیادہ خالی بیگ چیک کرنے سے انکار کرتے ہوئے دوسرے کاؤنٹر پر بھیجا۔

اداکارہ کے مطابق جب وہ دوسرے کاؤنٹر پر پہنچیں تو انہیں بتایا گیا کہ اس کاؤنٹر پر بھاری اور بھرے ہوئے بیگ چیک ہوتے ہیں، آپ کا بیگ آدھا خالی ہے، اس لیے واپس اسی کاؤنٹر سے سامان چیک کروائیں۔

مزید پڑھیں: شلپا شیٹھی پر جعل سازی کا مقدمہ

شلپا شیٹھی نے بتایا کہ انہوں نے واپس جاکر میل نامی ملازمہ کو بتایا، تاہم انہوں نے ایک بار پھر سامان چیک کرنے سے انکار کردیا، جس کے بعد انہوں نے بڑی کوششوں سے منتیں کرکے ایک دوسرے کاؤنٹر سے سامان چیک کروایا اور انہیں عملے سے رویے سے بھی آگاہ کیا۔

اداکارہ نے اپنی لمبی چوڑی پوسٹ میں واضح کیا کہ یہ رویہ صرف کنٹاس ایئرلائن کے عملے کی جانب سے کیا گیا۔

اداکارہ نے اپنے ساتھ ہونے والے اس سلوک کی تفصیل بتاتے ہوئے ایئر پورٹ انتظامیہ، ایئرلائن انتظامیہ اور آسٹریلوی حکام سے گزارش کی کہ وہ اس کا نوٹس لیں۔

یہ بھی پڑھیں: شلپا شیٹھی کو فٹ اور سمارٹ نظر آنے پر ایوارڈ

تاہم بھارتی اداکارہ کی پوسٹ سے خود بھارتی افراد نے ہی اتفاق نہیں کیا اور اداکارہ کو بتایا کہ عملے نے اپنے اصولوں کے مطابق کام کیا۔

شلپا شیٹھی کی پوسٹ پر کئی بھارتی افراد نے ان کے دعوے سے اختلاف کیا اور کہا کہ ہوسکتا ہے کہ اداکارہ کو سمجھنے میں غلطی ہوئی ہو۔

Read Comments