مسلمانوں کے لیے سب سے افضل مہینے کا درجہ رکھنے والے ماہ رمضان کے شروع ہوتے ہی جہاں گزشتہ ہفتے بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کو اپنی بیٹی کے ساتھ قدرے بولڈ تصویر کھینچوانے اور کھانے پینے کی تصاویر شیئر کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

وہیں اب بولی وڈ اداکارہ شلپا شیٹھی کو بھی ایک افطار پارٹی کے دوران اپنی سہیلیوں کے ساتھ ڈانس کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ہوا کچھ یوں کہ شلپا شیٹھی نے گزشتہ روز اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ اپنی دیگر 4 سہیلیوں کے ساتھ افطار کرتی نظر آئیں۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

ویڈیو میں شلپا شیٹھی خود بتاتی ہیں کہ وہ دوستوں کے ساتھ افطار پارٹی میں موجود ہیں۔

اداکارہ ویڈیو میں بتاتی نظر آتی ہیں کہ وہ افلاطون نامی ایک میٹھی ڈش بھی کھا رہی ہیں، جس کا ذائقہ بے حد لذیذ ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ جیسے ہی افلاطون کا نام لیتی ہیں تو بیک گراؤنڈ پر بولی وڈ کھلاڑی اکشے کمار کی 2 دہائیاں قبل ریلیز ہونے والی فلم ’افلاطون‘ کا گانا چلتا ہے، جس پر اداکارہ اور ان کی سہیلیاں بے اختیار ہوکر بیٹھے بیٹھے ڈانس کرنے لگتی ہیں۔

مختصر دورانے کی اس ویڈیو کو اب تک 17 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے اور اس پر متعدد افراد نے کمنٹس کیے۔

یہ بھی پڑھیں: رمضان میں بیٹی کے ساتھ موج مستی کرنے پر عامر خان پر تنقید

زیادہ تر کمنٹس کرنے والے افراد جن کی اکثریت بھارتی تھے، انہوں نے اداکارہ کو نہ صرف رمضان کا احترام کرنے کا درس دیا بلکہ انہیں اوورایکٹ اداکارہ بھی قرار دیا۔

کچھ مداحوں نے اداکارہ کو بتایا کہ اسے افطار نہیں بلکہ صرف پارٹی کہنا چاہیے، کیوں کہ افطار پارٹی میں ناچ گانا نہیں ہوتا اور اگر اس حوالے سے کچھ پتہ نہیں تو وہ اسلام کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کریں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ 31 مئی کو ماہ رمضان میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ کھانے پینے کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر عامر خان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

عامر خان نے اپنے فیس بک پر نہ صرف اہل خانہ کے ساتھ خوشگوار موڈ میں کھینچی گئی تصاویر شیئر کی تھیں، بلکہ انہوں نے اپنی نوجوان بیٹی کے ساتھ ہنسی مذاق کرنے کی ایک تصویر بھی شیئر کی تھی، جس پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

—فوٹو: عامر خان فیس بک
—فوٹو: عامر خان فیس بک

تبصرے (0) بند ہیں