Dawn News Television

شائع 19 اکتوبر 2018 12:33pm

عمران خان 23 اکتوبر کو سعودی عرب کا دوسرا دورہ کریں گے

دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان سعودی فرماں روا شاہ سلمان کی خصوصی دعوت پر فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کانفرنس(ایف آئی آئی سی) میں شرکت کے سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔

وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب 23 اکتوبر کو متوقع ہے جس میں وہ دو روزہ کانفرنس کے پہلے دن شرکت کریں گے.

اس کانفرنس میں دنیا بھر کے کاروباری شخصیات ہائی ٹیک انڈسٹری کے نمائندے شرکت کریں گے چناچہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند افراد سے ملاقات کا یہ ایک اچھا موقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان اچانک سعودی عرب کیوں گئے؟

پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی کانفرنس کے پہلے دن شمولیت کا مقصد دنیا کے سامنے پاکستان میں اقتصادی اور سرمایہ کاری صلاحیت کی تصویر پیش کرنا اور وزیراعظم کے حکومتی وژن سے آگاہ کرنا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے مطابق کانفرنس میں وزیراعظم کی شرکت سعودی عرب کے بین الاقوامی سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بننے کی کوششوں میں یکجہتی کا اظہار ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کی سعودی فرمان روا شاہ سلمان سے ملاقات

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا اقتدار سنبھالنے کے بعد سعودی عرب کا یہ دوسرا دورہ ہوگا۔

یہ بات بھی مدِ نظر رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی کے معاملے پر ریاض میں ہونے والی اس کانفرنس میں برطانیہ، فرانس اور نیدر لینڈ کے وزرا، عالمی مالیاتی فنڈ کی سربراہ اور امریکی سیکریٹری خزانہ شرکت سے انکار کرچکے ہیں

Read Comments