ارجن کپور، پرینیتی چوپڑا کے کیریئر کا اختتام؟
بولی وڈ اداکار ارجن کپور اور پرینیتی چوپڑا کی فلم ’نمستے انگلینڈ‘ سے ان کے مداحوں کو خوب امیدیں وابستہ تھیں۔
فلم ’نمستے انگلینڈ‘ کی ریلیز کے موقع پر اس کے مقابلے اداکار آیوشمان کھرانہ کی فلم ’بدھائی ہو‘ بھی ریلیز ہوئی، تاہم شائقین کو امید تھی کہ ارجن کپور کی فلم باکس آفس پر زیادہ کمائی حاصل کرے گی، اس کی ایک وجہ یہ تھی کہ ارجن کپور اور پرینیتی چوپڑا دونوں کا شمار بولی وڈ کے نامور اداکاروں میں کیا جاتا ہے، دوسری وجہ یہ کہ ان دونوں کی جوڑی اس سے قبل بھی ہٹ ثابت ہوچکی ہے۔
تاہم ہوا کچھ اور ہی، آیوشمان کھرانہ کی فلم ’بدھائی ہو‘ نے اپنی ریلیز کے پہلے دن 7 کروڑ ہندوستانی روپے کمائے جبکہ ارجن اور پرینیتی کی فلم نے تقریباً 2 کروڑ ہندوستانی روپے حاصل کیے۔
پروڈیوسر بونی کپور کے بیٹے ارجن اور اداکارہ پریانکا چوپڑا کی کزن پرینیتی کے مداحوں کے لیے اس سے زیادہ افسوس کی بات یہ رہی کہ فلم ’نمستے انگلینڈ‘ کو نہ تو شائقین نے پسند کیا، اور نہ ہی فلم کو تجزیہ کاروں کا مثبت ردعمل موصول ہوا۔
جبکہ آیوشمان کھرانہ کی کامیڈی فلم تجزیہ کاروں اور شائقین کی جانب سے خوب پسند کی جارہی ہے۔
فلم نمستے انگلینڈ 18 اکتوبر کو دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کی گئی، فلم میں پرینیتی چوپڑا اور ارجن کپور نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے نوجوان لڑکا لڑکی کا کردار ادا کیا، جن کی رومانوی کہانی آگے بڑھتے ہی ان کی شادی کرادی گئی، تاہم گاؤں کی زندگی سے دور اپنی آزادی حاصل کرنے کے لیے پرینیتی سب کو چھوڑ کر انگلینڈ روانہ ہوگئیں اور ارجن کپور انہیں واپس لینے غیر قانونی طور پر انگلینڈ روانہ ہوئے۔
یہ 2007 میں ریلیز ہونے والی کامیاب فلم ’نمستے لندن‘ کا سیکوئل ہے، جس میں اکشے کمار اور کترینہ کیف نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔
اگر ارجن اور پرینیتی کے کیریئر پر نظر ڈالی جائے تو ان دونوں ہی کا بولی وڈ کیریئر اس وقت کافی مشکلات کا شکار ہے۔
ارجن کپور کی اس سال ریلیز ہونے والی یہ پہلی فلم تھی، اس کے علاوہ گزشتہ روز ارجن کپور کی فلمیں ’کی اینڈ کا‘، ‘مبارکاں‘ اور ’ہاف گرل فرینڈ‘ سامنے آئیں۔