ہمارے کھانوں میں کس ’خطرناک چیز‘ کے ذرات شامل ہوتے ہیں؟
سائنس دانوں کو پہلی مرتبہ اس بات کا سراغ ملا ہے کہ انسان غذا کے ساتھ معدے میں پلاسٹک کے معمولی ذرات بھی اتار لیتے ہیں۔
برطانیہ اور دیگر ممالک کے شہریوں پر کی گئی تحقیق کے دوران حاصل کیے گئے نمونوں میں پلاسٹک کے معمولی ذرات کی 9 مختلف اقسام پائی گئیں۔
ویب سائٹ ایم ایس این کی رپورٹ کے مطابق ماہرین کا ماننا ہے کہ پلاسٹک کے ذرات انسانوں کے اندر مدافعتی نظام کو نقصان پہنچانے اور وائرس پھیلانے کا باعث ہوسکتے ہیں۔
اسکائی میڈیا کی جانب سے دو سال قبل پلاسٹک کے حوالے سے مہم اوشین ریسکیو شروع کی تو اس حوالے سے خطرات کی تصدیق ہوئی جس کو اس لیے شروع کیا گیا تھا کہ پلاسٹک کے معمولی ذرات کھانے سے آبی حیات اور مچھلی کے خاتمے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
تحقیق کے لیے حاصل کیے گئے نمونوں میں پائے گئے ذرات 50 اور 500 مائیکرومیٹر کے درمیان تھے جن میں سے عام اقسام میں پولی پروپیلین (پی پی) اور پولی تھیلین ٹیریفتھلیٹ (پی ای ٹی) شامل تھیں۔
سائنس دانوں کے مطابق نمونوں سے حاصل کیے گئے نتائج سے پتہ چلا کہ پیشاب میں پلاسٹک کے 10 گرام کے 20 معمولی ذرات پائے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:تیرتی مچھلیوں کے درمیان کھانے کا لطف اٹھائیے
آسٹریا کی میڈیکل یونیورسٹی آف ویانا کے معروف محقق ڈاکٹر فلپ شوابے کا کہنا تھا کہ ‘تشویش یہ ہے کہ اس سے ہمارے لیے اور خاص کر معدے کے امراض میں مبتلا افراد کے لیے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘جانوروں میں پلاسٹک کی موجودگی کے حوالے سے تحقیق میں پتہ چلا کہ یہ ذرات انتڑیوں میں پائے جاتے ہیں، پلاسٹک کے معمولی ذرات گردش خون میں شامل ہوسکتے ہیں، یہ ذرات نظام تنفس اور جگر تک بھی پہنچ سکتے ہیں’۔
ڈاکٹر فلپ شوابے نے کہا کہ ‘اب ہمیں انسان کے اندر بھی پلاسٹک کے ذرات کے شواہد مل چکے ہیں اور اس کے انسانی صحت پر اثرات کے حوالے سے جاننے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے’۔