37 سال سے روزانہ پیزا کھانے والا شخص

17 اکتوبر 2018
امریکی شہری مائیک رومن  37 سال سے روزانہ پیزا کھارہے ہیں— فائل فوٹو
امریکی شہری مائیک رومن 37 سال سے روزانہ پیزا کھارہے ہیں— فائل فوٹو

پیزا کا نام لیتے ہی منہ میں پانی آجانا کوئی غیر معمولی بات نہیں, پیزا تقریباً ہر شخص کو ہی پسند ہوتا ہے، لیکن کوئی انسان صرف پیزا کے سہارے زندہ رہ سکتا ہے ،ایسا ہمارے خیال میں تو نہیں لیکن حقیقت میں ضرور ممکن ہے۔

امریکی ریاست نیو جرسی کے ایک اسکول ٹیچر مائیک رومن نے اس وقت انٹرنیٹ پر توجہ حاصل کی جب انہوں نے گزشتہ 37 برس سے دن میں ایک مرتبہ لازمی پیزا کھانے کا دعویٰ کیا تھا۔

41 سالہ مائیک رومن نے اپنی ویڈیو میں دعویٰ کیا کہ انہیں پیزا اس قدر پسند ہے کہ وہ روزانہ رات کے کھانے میں پیزا کھاتے ہیں ۔

مزید پڑھیں : پیزا کے درمیان یہ تپائی کیوں ہوتی ہے؟

مائیک رومن نے بتایا کہ پیزا سے رغبت کا آغاز اس وقت ہوا جب وہ محض 3 یا 4 برس کے تھے۔

ان کی والدہ نے انہیں پہلی مرتبہ پیزا کھلایا تو انہیں اتنا پسند آیا کہ وہ کھانے میں صرف پیزا ہی مانگتے تھے۔

تاہم، مائیک رومن کے والدین نےانہیں دیگر کھانے کی اشیا کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کی لیکن ان کی ضد کے آگے ہار مان گئے تھے۔

مائیک کا کہنا تھا کہ پیزا سے محبت کا یہ عالم تھا کہ وہ بچپن سے دن میں تین مرتبہ صرف اور صرف پیزا ہی کھاتے تھے۔

تاہم حال ہی میں انہوں نے دوپہر کے کھانے میں مونگ پھلی کے مکھن کے ساتھ سینڈوچ کھانا شروع کیا ہے لیکن رات میں وہ اب بھی صرف پیزا ہی کھاتے ہیں۔

مائیک رومن نے اس بات کا اقرار کیا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں دیگر کھانے بھی کھائے لیکن پیزا سے ان کی محبت کم نہ ہوسکی۔

یہ بھی پڑھیں : سونے کا پیزا کھانا چاہیں گے؟

موزریلا پنیر سے بھرپور پیزا نے ان کی زندگی میں اہم کردار ادا کیا یہاں تک کہ ان کی شادی کے موقع پر نیو جرسی پیزا کے سربراہ نے بھی پیزا کھایا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ کئی سال تک ان کا کولیسٹرول لیول بھی بڑھا رہا تاہم اب حال ہی میں ان کی صحت میں بہتری آئی ہے۔

اپنے پسندیدہ پیزا سے متعلق مائیک رومن نے بتایا کہ وہ مارگریٹا پیز اکھانے کو ترجیح دیتے ہیں۔

خیال رہے کہ سالوں تک پیزا کھانے والے مائیک رومن کرہ ارض پر پہلے انسان نہیں بلکہ اس سے قبل 2012 میں ایک 33 سالہ خاتون نے 2 سال کی عمر سے صرف پیزا کھانے کا دعویٰ کیا تھا۔

علاوہ ازیں 4 برس قبل ایک اور شخص کی جانب سے 25 سال تک صرف پیزا کھانے کا دعویٰ بھی سامنے آیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں