بھارتی اداکاروں سے ملاقات کا معاہدہ منسوخ، بحرین کے شیخ پر کروڑوں پاؤنڈ ہرجانے کا مقدمہ
برطانیہ کی ہائیکورٹ میں مصر کے ایک تاجر نے بحرین کے شاہی خاندان کے شیخ پر 3 کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈ ہرجانے کا مقدمہ کردیا۔
انڈیپنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق شیخ حماد عیسیٰ علی الخلیفہ پر الزام ہے کہ انہوں نے درجنوں بولی وڈ اسٹارز کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے کیے جانے والے معاہدے سے خود کو علیحدہ کرلیا تھا۔
یہ معاہدہ انہوں نے مصر کے تاجر سے کیا تھا جنہوں نے انہیں بھارت اور دبئی کے لکژری ہوٹلز میں 'فہرست میں شامل' اداکاروں کے ساتھ 15 منٹ گزارنے کی پیشکش کی تھی، یہ فہرست انہوں نے خود تیار کی تھی۔
مزید پڑھیں: شاہ رخ کی دیوالی پارٹی میں بولی وڈ کی رونق
بحرین کے بادشاہ کے کزن اور ملک کے نائب وزیراعظم کے بھتیجے کے بارے میں بتایا گیا کہ انہوں نے 26 بولی وڈ اسٹارز کی فہرست تیار کی تھی جن سے وہ ملاقات کے خواہشمند تھے، ان میں انیل کپور، امیتابھ بچن اور دپیکا پڈوکون شامل تھیں۔
مصری تاجر احمد عدیل عبداللہ احمد کی جانب سے لندن کی ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست کے مطابق بحرین کے شیخ نے مذکورہ ملاقاتوں کے لیے فی کس 10 لاکھ 15 ہزار پاؤنڈ ادا کرنے اور اضافی طور پر بونس اور اخراجات ادا کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی تھی۔