Dawn News Television

شائع 10 نومبر 2018 11:45am

صبح اٹھتے ہی سستی بھگانے کا آسان طریقہ

صبح اٹھتے ہی اکثر افراد کا دل نہیں کرتا کہ وہ بستر سے اٹھیں یا آسان الفاظ میں کہیں تو ان پر ایسی سستی طاری ہوتی ہے جو کافی دیر تک دور نہیں ہوتی۔

مگر اٹھنے کے ساتھ ہی بستر سے باہر قدم نکالنے سے بھی پہلے یہ کام کرنا سستی کو فوری طور پر دور کردے گا اور دن بھی اچھا گزرے گا۔

یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک سائنسی تحقیق میں سامنے آیا۔

مزید پڑھیں : دوپہر کو غنودگی یا سستی کیوں محسوس ہوتی ہے؟

ہارورڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں ایک ایسا طریقہ کار بتایا گیا ہے جو صبح اٹھتے ہی سستی کو دور کرنے میں مدد دیتا ہے۔

تحقیق میں کہا گیا کہ اٹھتے ساتھ ہی آپ اپنے جسم کو جتنا اسکریچ یا کھینچ سکتے ہیں یا یوں کہہ لیں بھرپور قسم کی انگڑائی لیں جس میں ہاتھوں اور پیروں کو جتنا پھیلا سکتے ہیں، پھیلائیں۔

اور یہ کام بستر میں رہتے ہوئے ہی کرنا ہے اور محققین کے مطابق یہ صبح کے بہترین آغاز کا انتہائی آسان طریقہ ہے۔

اس طریقہ کار کے پیچھے جو خیال ہے یا تھیوری ہے اسے پاور پوزنگ قرار دیا گیا ہے اور اسے پراعتماد شخص کا پوز بھی کہا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ہروقت تھکاوٹ کا سبب بننے والی عادتیں

تحقیق میں بتایا گیا کہ جب آپ اپنے جسم کو جتنا پھیلا سکتے ہیں، پھیلا لیتے ہیں تو دماغ آپ کو بتاتا ہے کہ آپ واقعی پراعتماد ہیں اور ہر کام کو کرسکتے ہیں۔

محققین کے بقول اس سے ذہن اور جسم کو یقین دلایا جاسکتا ہے کہ آپ پہلے سے زیادہ پراعتماد ہوچکے ہیں اور خود کو زیادہ طاقتور محسوس کرنے لگتے ہیں۔

تو صبح کی سستی اٹھانے کا یہ آسان طریقہ آزمانا پسند کریں گے؟ کمنٹس میں بتانا مت بھولیں۔

Read Comments