Dawn News Television

اپ ڈیٹ 22 نومبر 2018 01:57pm

ملائیشین خاتون اول بھی وزیراعظم عمران خان کی مداح

وزیراعظم عمران خان کے مداحوں کی تعداد بلاشبہ کروڑوں میں ہے اور لگتا ہے کہ ان میں ملائیشیا کی خاتون اول کی شکل میں ایک اور کا اضافہ ہوگیا ہے۔

ملائیشیا کے سرکاری دورے کے پہلے روز جب وزیراعظم عمران خان نے اپنے ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ملاقات کی تو معلوم ہوا کہ ان کی اہلیہ عمران خان کی مداح ہیں۔

پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاﺅنٹ سے جاری 4 منٹ طویل ویڈیو کے آخر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مہاتیر محمد کی اہلیہ سیتی محمد علی پاکستانی وزیراعظم کے ساتھ تصویر کھنچوانے کے لیے کتنی پرجوش ہیں۔

انہوں نے عمران خان سے انتہائی پرجوش انداز سے درخواست کی 'وزیراعظم کیا میں آپ کا ہاتھ تھام سکتی ہوں؟'

مزید پڑھیں : 'اسلام آباد، ملائیشیا کے تجربے سے استفادہ کرنے کا خواہشمند'

جس پر وزیراعظم عمران خان سے جواب دیا ' جی ضرور' اور پھر تصویر کھچوائی۔

اس موقع پر ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد سمیت تمام افراد کے چہروں پر مسکراہٹ بکھر گئی۔

اس لمحے کی ویڈیو اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان وفد کے ہمراہ منگل کی رات ملائیشیا کے دورے پر کوالالمپور پہنچے تھے جہاں ملائیشین نائب وزیر خارجہ اور حکومتِ ملائیشیا کے دفتر وزیراعظم کے نائب وزیر نے ان کا استقبال کیا تھا۔

وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر اور مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد بھی موجود ہیں۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ملائیشیا میں مہاتیر محمد کے دوبارہ مسندِ اقتدار پر بیٹھنے کے بعد عمران خان جنوبی ایشیائی ممالک کے پہلے سربراہ ہے جنہوں نے وہاں کا دورہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے آئیڈیل مہاتیر محمد نے 100 دن میں کیا کیا؟

خیال رہے کہ یہ وزیراعظم عمران خان کا کسی بھی ملک کا چوتھا دورہ ہے اس سے قبل وہ ملک کو درپیش معاشی بحران سے نکلنے کے لیے بیل آؤٹ پیکج حاصل کرنے کی غرض سے سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات جاچکے ہیں۔

Read Comments