دپیکا اور پریانکا کے بعد فریڈا پنٹو نے بھی دولہا ڈھونڈ لیا
کئی ماہ تک خبروں میں رہنے کے بعد بولی وڈ ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون اور ایکشن ہیرو رنویر سنگھ رواں ماہ 14 اور 15 نومبر کو یورپی ملک اٹلی میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
جہاں ان کی شادی ختم ہوئی، وہیں اب بولی وڈ پگی چوپس پریانکا چوپڑا کی امریکی گلوکار نک جونس کے ساتھ شادی کی خبریں وائرل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق نک جونس اور پریانکا چوپڑا کی شادی کی تقریبات بھی رواں ماہ 28 نومبر سے بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھپور میں شروع ہونے کا امکان ہے۔
اور دونوں کی شادی کی مرکزی تقریبات 2 سے 3 دسمبر تک جودھپور کے پر تعیش ہوٹل میں ہونے کی خبریں ہیں، تاہم اس حوالے سے جوڑے نے ابھی تصدیق نہیں کی۔
دپیکا اور پریانکا کی شادی کے بعد جہاں آئندہ برس تک رنبیر کپور اور سشمیتا سین کی شادیوں کی خبریں بھی زیر گردش ہیں۔
اب وہیں بافتا اور ٹین چوائس ایوارڈ یافتہ انڈین ہولی وڈ اداکار فریڈا پنٹو کی شادی کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ ’سلم ڈاگ ملینیئر’ جیسی شہرہ آفاق ڈرامہ فلم سے کیریئر کا آغاز کرنے والی 34 سالہ فریڈا پنٹو بھی آئندہ سال تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔
ڈی این اے انڈیا نے اپنی رپورٹ میں ذرائع سے بتایا کہ فریڈا پنٹو نے اپنے قریبی اور دیرینہ دوست فوٹو گرافر کوری تران سے آئندہ سال تک شادی کرلیں گی۔