’کبھی بھی، کہیں بھی، کسی سے بھی محبت ہو سکتی ہے‘
بولی وڈ میں سال 2018 شادیوں اور محبت کا سال رہا، کیوں کہ رواں برس سونم کپور، نیہا دھوپیا، دپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا جیسی ٹاپ اداکاراؤں نے شادیاں کیں۔
وہیں اس برس عالیہ بھٹ، سشمیتا سین اور ملائیکا اروڑا خان کی محبتوں کے چرچے بھی رہے۔
اسی طرح کترینہ کیف کی محبت اور شادی کی خبریں بھی آتی رہیں اور کچھ دن قبل ہی انہوں نے اس بات پر شکر کیا تھا کہ ان کا کچھ سال قبل ساتھی اداکار رنبیر کپور کے ساتھ بریک اپ ہوا۔
رنبیر کپور سے کترینہ کیف نے کیریئر کے ابتدائی دور میں محبت کی تھی اور دونوں کے درمیان کچھ سال تک تعلقات بھی رہے، تاہم کبھی بھی دونوں نے اس کا اعتراف نہیں کیا تھا۔
لیکن گزشتہ ہفتے کترینہ کیف نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ان کے اور رنبیر کپور کے تعلقات تھے، تاہم انہیں وہ تعلقات ختم ہونے پر کوئی پچھتاوا نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: رنبیر سے رشتہ ٹوٹنا کسی نعمت سے کم نہیں، کترینہ کیف
اور اب انہوں نے ایک بار پھر محبت ہوجانے اور شادی کے حوالے سے کھل کر بات کی ہے۔
ممبئی مرر سے اپنی آنے والی رومانٹک فلم ’زیرو‘ کی تشہیر کے دوران خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کترینہ کیف نے اپنی پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگی سے متعلق کھل کر بات کی اور اعتراف کیا کہ اب وہ ماضی کے مقابلے بہتر ہو چکی ہیں۔