’کبھی بھی، کہیں بھی، کسی سے بھی محبت ہو سکتی ہے‘

ای میل

اداکارہ کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ٹھگس آف ہندوستان ناکام گئی—فوٹو: زی نیوز
اداکارہ کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ٹھگس آف ہندوستان ناکام گئی—فوٹو: زی نیوز

بولی وڈ میں سال 2018 شادیوں اور محبت کا سال رہا، کیوں کہ رواں برس سونم کپور، نیہا دھوپیا، دپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا جیسی ٹاپ اداکاراؤں نے شادیاں کیں۔

وہیں اس برس عالیہ بھٹ، سشمیتا سین اور ملائیکا اروڑا خان کی محبتوں کے چرچے بھی رہے۔

اسی طرح کترینہ کیف کی محبت اور شادی کی خبریں بھی آتی رہیں اور کچھ دن قبل ہی انہوں نے اس بات پر شکر کیا تھا کہ ان کا کچھ سال قبل ساتھی اداکار رنبیر کپور کے ساتھ بریک اپ ہوا۔

رنبیر کپور سے کترینہ کیف نے کیریئر کے ابتدائی دور میں محبت کی تھی اور دونوں کے درمیان کچھ سال تک تعلقات بھی رہے، تاہم کبھی بھی دونوں نے اس کا اعتراف نہیں کیا تھا۔

لیکن گزشتہ ہفتے کترینہ کیف نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ان کے اور رنبیر کپور کے تعلقات تھے، تاہم انہیں وہ تعلقات ختم ہونے پر کوئی پچھتاوا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: رنبیر سے رشتہ ٹوٹنا کسی نعمت سے کم نہیں، کترینہ کیف

اور اب انہوں نے ایک بار پھر محبت ہوجانے اور شادی کے حوالے سے کھل کر بات کی ہے۔

ممبئی مرر سے اپنی آنے والی رومانٹک فلم ’زیرو‘ کی تشہیر کے دوران خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کترینہ کیف نے اپنی پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگی سے متعلق کھل کر بات کی اور اعتراف کیا کہ اب وہ ماضی کے مقابلے بہتر ہو چکی ہیں۔

اداکارہ جلد ہی شاہ رخ کی فلم زیرو میں نظر آئیں گی—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ جلد ہی شاہ رخ کی فلم زیرو میں نظر آئیں گی—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے محض 17 سال کی عمر میں اداکاری کی شروعات کی اور اب وہ ڈیڑھ دہائی انڈسٹری میں گزارنے کے بعد بہت کچھ سیکھ چکی ہیں۔

کترینہ کیف نے بتایا کہ سلمان خان کی آنے والی فلم ’بھارت’ میں اچانک انہیں کاسٹ کیا گیا اور انہیں یہ تک معلوم نہیں تھا کہ فلم کی ٹیم انہیں پریانکا کی جگہ کاسٹ کرنے کا سوچ رہی ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں اپنا سب سے بہترین دوست بھی قرار دیا۔

مزید پڑھیں: کترینہ کیف نے تعلقات کی چہ مگوئیوں پر خاموشی توڑ دی

کترینہ کیف نے بتایا کہ اگرچہ سلمان خان ان کے سب سے بہترین دوست ہیں، مگر بعض مرتبہ وہ کئی دنوں، ہفتوں اور یہاں تک کہ کئی ماہ تک بات بھی نہیں کرتے، تاہم پھر بھی وہ ایک دوسرے کے بہترین دوست ہیں۔

شادی اور بچوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ماضی میں انہوں نے شادی کرنے اور ڈھیر سارے بچے پیدا کرنے کی منصوبہ بندی بھی بنائی تھی، تاہم ان کی خواہش مکمل نہ ہوسکی۔

اداکارہ نے سلمان کو سب سے بہترین دوست قرار دیا—فوٹو: انڈیا ٹوڈے
اداکارہ نے سلمان کو سب سے بہترین دوست قرار دیا—فوٹو: انڈیا ٹوڈے

کترینہ کیف نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کس سے شادی کرنا چاہتی تھی اور ان کی خواہش کیوں پوری نہ ہوسکی۔

مستقبل میں محبت کے حوالے سے اداکارہ نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ انہیں جب بھی ضرورت ہوگی، انہیں محبت مل جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سلمان اور کترینہ کیف آج کل کیا کر رہے ہیں؟

کترینہ کیف نے وضاحت کی کہ انہیں کہیں بھی، کبھی بھی، کسی سے بھی محبت ہوسکتی ہے اور اس کے لیے کوئی انتظار نہیں کرنا پڑتا۔

اداکارہ نے مثال دی کہ ہوسکتا ہے کہ کبھی کسی ایئرپورٹ پر ان کے ہاتھ سے کتاب گر جائے اور وہ اسے اٹھانے کے لیے نیچے جھکیں تو عین اس وقت کوئی شخص آ کر انہیں کتاب اٹھانے میں مدد دے اور اسی لمحے ان دونوں کی نظریں ایک دوسرے سے ٹکرائیں اور پھر ان میں محبت ہوجائے!۔

اداکارہ کے مطابق ماضی میں وہ شادی کرنا چاہتی تھیں—فوٹو: انڈین ایکسپریس
اداکارہ کے مطابق ماضی میں وہ شادی کرنا چاہتی تھیں—فوٹو: انڈین ایکسپریس