نابالغ لڑکی کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار میکا سنگھ جیل سے رہا
بولی وڈ کی متعدد فلموں میں مشہور گیت گانے والے بھارتی گلوکار میکا سنگھ کو ایک روز قبل متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں ایک نابالغ برازیلی لڑکی کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
میکا سنگھ کو اگرچہ دبئی سے گرفتار کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں یو اے ای کی ریاست ابو ظہبی منتقل کیا گیا تھا، کیوں کہ ان کے خلاف وہیں کی رہائشی لڑکی نے شکایت درج کروائی تھی۔
رپورٹس تھیں کہ گلوکار نے برازیل سے تعلق رکھنے والی 17 سالہ لڑکی کو نازیبا تصاویر بھیجیں، جب کہ گلوکار نے کم عمر لڑکی کو بولی وڈ میں کام دلوانے کا آسرا بھی دیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق لڑکی نے ابو ظہبی کی پولیس کو میکا سنگھ کے خلاف شکایت کی تھی، جس کے بعد پولیس نے اسے دبئی سے گرفتار کرکے ابو ظہبی کی جیل منتقل کردیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: لڑکی کو جنسی ہراساں کرنے پر بولی وڈ گلوکار میکا سنگھ گرفتار
تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ میکا سنگھ کو جیل سے آزاد کردیا گیا۔
خلیج ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں ابو ظہبی میں تعینات بھارتی سفیر نودیپ سنگھ سوری کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ میکا سنگھ کو گزشتہ شب ہی جیل سے آزاد کیا گیا تھا۔