نابالغ لڑکی کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار میکا سنگھ جیل سے رہا

07 دسمبر 2018
میکا سنگھ پہلے بھی گرفتار ہوچکےہیں—فوٹو: ای ٹائمز
میکا سنگھ پہلے بھی گرفتار ہوچکےہیں—فوٹو: ای ٹائمز

بولی وڈ کی متعدد فلموں میں مشہور گیت گانے والے بھارتی گلوکار میکا سنگھ کو ایک روز قبل متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں ایک نابالغ برازیلی لڑکی کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

میکا سنگھ کو اگرچہ دبئی سے گرفتار کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں یو اے ای کی ریاست ابو ظہبی منتقل کیا گیا تھا، کیوں کہ ان کے خلاف وہیں کی رہائشی لڑکی نے شکایت درج کروائی تھی۔

رپورٹس تھیں کہ گلوکار نے برازیل سے تعلق رکھنے والی 17 سالہ لڑکی کو نازیبا تصاویر بھیجیں، جب کہ گلوکار نے کم عمر لڑکی کو بولی وڈ میں کام دلوانے کا آسرا بھی دیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق لڑکی نے ابو ظہبی کی پولیس کو میکا سنگھ کے خلاف شکایت کی تھی، جس کے بعد پولیس نے اسے دبئی سے گرفتار کرکے ابو ظہبی کی جیل منتقل کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لڑکی کو جنسی ہراساں کرنے پر بولی وڈ گلوکار میکا سنگھ گرفتار

تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ میکا سنگھ کو جیل سے آزاد کردیا گیا۔

خلیج ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں ابو ظہبی میں تعینات بھارتی سفیر نودیپ سنگھ سوری کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ میکا سنگھ کو گزشتہ شب ہی جیل سے آزاد کیا گیا تھا۔

میکا سنگھ نے درجنوں مقبول گیت گائے ہیں—فوٹو: اڑیسا سن ٹائمز
میکا سنگھ نے درجنوں مقبول گیت گائے ہیں—فوٹو: اڑیسا سن ٹائمز

بھارتی سفیر نے مزید بتایا کہ میکا سنگھ کو جیل سے رہائی کے بعد 7 دسمبر کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

خیال رہے کہ میکا سنگھ کو دبئی میں اس وقت گرفتار کیا گیا، جب وہ بھارت کے لیے واپس آنے کو تیار تھے۔

مزید پڑھیں: میکا سنگھ دہلی میں گرفتار

وہ دبئی میں مصالحہ فلم ایوارڈز تقریب میں پرفارمنس کرنے سمیت نجی پارٹی میں شرکت کے لیے وہاں گئے تھے۔

یہ پہلا موقع نہیں تھا کہ میکا سنگھ کو خواتین کے ساتھ نازیبا رویے پر گرفتار کیا گیا ہو۔

اس سے قبل 2016 میں بھی ممبئی سے تعلق رکھنے والی ایک ماڈل نے میکا سنگھ پر ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کرایا تھا جس پر گلوکار نے جوابی بھتے کے مطالبے کا الزام اس ماڈل پر عائد کردیا تھا۔

اس سے قبل 2015 میں ایک ڈاکٹر کو کنسرٹ کے دوران تھپڑ مارنے پر بھی میکا سنگھ کو پولیس نے حراست میں لے لیا تھا۔

چند سال قبل میکا سنگھ کو ممبئی ائیرپورٹ سے اس وقت حراست میں لیا گیا جب ان کے پاس مقررہ حد سے زیادہ بھارتی اور غیرملکی کرنسی برآمد ہوئی۔

میکا سنگھ نے ’صبح ہونے نہ دے، ملے گی، ملے گی، ہوا ہوا، آپ کا کیا ہوگا جناب عالی، رانی تو میں راجا، پیا مورے، ڈھنک چکا، جادو کی جھپی اور موجاں ہی موجاں‘ جیسے گانے گائے۔

تبصرے (0) بند ہیں