میکا سنگھ دہلی میں گرفتار

11 جون 2015
میکا سنگھ—۔فوٹو/ بشکریہ justbollywood.in
میکا سنگھ—۔فوٹو/ بشکریہ justbollywood.in

ہندوستان کے مشہور گلوکار میکا سنگھ کو لائیو کنسرٹ کے دوران ایک ڈاکٹر کو مبینہ طور پر تھپڑ مارنے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔

میکا سنگھ پر ایک کنسرٹ کے دوران شری کانت نامی ڈاکٹر کو تھپڑ مارنے کا الزام ہے۔

38 سالہ گلوکار کے خلاف ڈاکٹر شری کانت کی جانب سے رواں برس اپریل میں نئی دہلی کے اندر پوری پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرائی گئی، جس میں تکلیف پہنچانے اور نامناسب رویہ روا رکھنے کا الزام عائد کیا گیا۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق میکا سنگھ کو آج نئی دہلی میں حراست میں لے لیا گیا ہے تاہم امید کی جا رہی ہے کہ انہیں جلد ضمانت پر رہا بھی کردیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پرفارمنس کے دوران میکا سنگھ نے مرد ڈاکٹروں کو اسٹیج کے دائیں اور بائیں جانب بٹ جانے کو کہا جبکہ خواتین ڈاکٹروں کو اسٹیج کے سامنے والے حصے میں رہنا تھا۔

مزید پڑھیں:میکا سنگھ کو 'ڈاکٹر' کو تھپڑ مہنگا پڑ گیا

تاہم اس دوران ایک ڈاکٹر نے خواتین والے حصے میں جانے کی کوشش کی، جس پر میکا اشتعال میں آگئے اور انھوں نے مذکورہ ڈاکٹر کو اسٹیج پر بلا کر زوردار تھپڑ رسید کیا اور پھر انھیں گارڈز کے حوالے کردیا۔

میکا سنگھ کے مطابق اس واقعے کے وقت مذکورہ ڈاکٹرنے نشے کی حالت میں کنسرٹ کے دوران خواتین کے حصے میں جانے کی کوشش کی تھی،جس پر انھوں نے ڈاکٹر کو تھپڑ مارا، جب کہ ڈاکٹر شری کانت کا موقف تھا کہ میکا سنگھ نے اسٹیج پر انہیں تھپڑ مار کر ان کی توہین کی۔

اس واقعے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر بھی وائرل ہوگئی، جس میں میکا سنگھ کو ایک ڈاکٹر کو مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں