معروف بولی وڈ گلوکار میکا سنگھ کو مبینہ طور پر نابالغ لڑکی کو ہراساں کرنے پر متحدہ عرب امارات میں گرفتار کرلیا گیا۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق میکا سنگھ کو دبئی میں جنسی ہراساں کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔

دبئی انتظامیہ نے اس وقت بولی وڈ گلوکار کو گرفتار کیا جب ایک غیر ملکی لڑکی کی جانب سے گلوکار پر مبینہ طور پر جنسی ہراساں کرنے کی شکایت کی گئی۔

مزید پڑھیں : پاکستان کا نام لینے پر بھارتی گلوکار پر شدید تنقید

میکا سنگھ دبئی میں مصالحہ ایوارڈز کی تقریب میں شرکت لیے گئے تھے۔

مختلف رپورٹس کے مطابق گلوکار پر برازیل سے تعلق رکھنے والی 17 سالہ لڑکی کو نازیبا تصاویر بھیجنے کا الزام ہے اور انہیں ایک ہوٹل سے حراست میں لیا گیا اور اب وہ دبئی پولیس کی قید میں ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں جب میکا سنگھ کو اس طرح کے حالات کا سامنا ہوا ہو۔

اس سے قبل 2016 میں بھی ممبئی سے تعلق رکھنے والی ایک ماڈل نے میکا سنگھ پر ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کرایا تھا جس پر گلوکار نے جوابی بھتے کے مطالبے کا الزام اس ماڈل پر عائد کردیا تھا۔

اس سے قبل 2015 میں ایک ڈاکٹر کو کنسرٹ کے دوران تھپڑ مارنے پر بھی میکا سنگھ کو پولیس نے حراست میں لے لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : میکا سنگھ دہلی میں گرفتار

چند سال قبل میکا سنگھ کو ممبئی ائیرپورٹ سے اس وقت حراست میں لیا گیا جب ان کے پاس مقررہ حد سے زیادہ بھارتی اور غیرملکی کرنسی برآمد ہوئی۔

خیال رہے کہ میکا سنگھ بولی وڈ کے چند مقبول ترین گلوکارون میں سے ایک ہیں جو متعدد ہٹ گانے گا چکے ہیں جبکہ حال ہی میں فلم سمبا کے لیے ان کا گانا آنکھ مارے سامنے آیا جو مقبول بھی ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں