Dawn News Television

شائع 10 جنوری 2019 02:02pm

ہریتھک روشن کے والد کی کینسر سرجری

بولی وڈ ایکشن ہیرو ہریتھک روشن نے تین دن قبل اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ ان کے والد کو گلے کا کینسر تشخیص ہوا ہے۔

اداکار نے بتایا تھا کہ ان کے والد کا کینسر ابتدائی اسٹیج پر ہے اور ان کا آپریشن ہوگا۔

ہریتھک روشن نے اپنے والد کو بہادر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ سرجری والے دن بھی ان کے والد ایکسرسائیز کے لیے تیار ہیں۔

فلم ساز راکیش روشن کو کینسر کی تشخیص کے بعد کئی فلمی ستاروں نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔

جہاں شوبز شخصیات نے ان کے لیے دعائیں کیں، وہیں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ان کے علاج کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔

کینسر کی تشخیص کے بعد راکیش روشن کی بھارت میں سرجری کردی گئی، تاہم تاحال وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں ایک اور نشریاتی ادارے کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ راکیش روشن کا آپریشن کردیا گیا اور اب اطلاعات ہیں کہ ان کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔

خبر میں فلم ساز کے بھائی راجیش روشن کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سرجری کے بعد ہریتھک روشن کے والد بہتر محسوس کر رہے ہیں، تاہم انہیں کچھ تک ہسپتال میں رکھا جائے گا۔

راجیش روشن کے مطابق راکیش روشن کو تین سے 4 دن تک ہسپتال میں رکھنے کے بعد ڈسچارج کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ہریتھیک روشن کے والد بھی کینسر کا شکار

خیال رہے کہ 69 سالہ راکیش روشن نے بطور اداکار کیریئر کا آغاز کیا، انہوں نے 1970 سے 1990 تک 90 کے قریب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

بعد ازاں انہوں فلم پروڈکشن سمیت ہدایت کاری میں بھی قسمت آزمائی کی اور خوش قسمتی سے اس شعبے میں بھی وہ کامیاب گئے۔

راکیش روشن نے 3 درجن سے زائد فلموں کو پروڈیوس کیا، انہوں نے پہلی فلم ’آپ کے دیوانے‘ 1980 میں پروڈیوس کی، جس میں انہوں نے اداکاری بھی کی۔

کرن ارجن، کوئلہ، کہو نا پیار ہے، کوئی مل گیا، کرش، کریزی فور، کائیٹ اور قابل جیسی فلموں کو بنانے والے راکیش روشن نے اداکاری اور فلم سازی پر کئی ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں۔

راکیش روشن اپنے اہل خانہ کے ہمراہ—فائل فوٹو: این ڈی ٹی وی

Read Comments