ہاؤس فل 4 کے لیے نیا ہدایت کار مل گیا
بولی وڈ کھلاڑی اکشے کمار کی آنے والی رومانٹک کامیڈی فلم ہاؤس فل 4 کی شوٹنگ گزشتہ برس اکتوبر میں اس وقت منسوخ کردی گئی تھی جب فلم کے ہدایت کار ساجد خان پر خواتین نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات لگائے تھے۔
یہی نہیں بلکہ فلم کے اہم اداکار نانا پاٹیکر بھی تنوشری دتہ نے جنسی طور پر ہراساں کے الزامات لگائے تھے، جس وجہ سے فلم کی ٹیم کو اس کی شوٹنگ منسوخ کرنا پڑی۔
ساجد خان پر اداکارہ سلونی چوپڑا، اداکارہ ریچل وائٹ اور صحافی کرشمہ اوپاڈہے نے جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا۔
ہدایت کار اور اداکار پر الزامات لگنے کے بعد جہاں فلم کی شوٹنگ منسوخ کردی گئی تھی وہیں نانا پاٹیکر کو فلم سے نکال دیا گیا تھا اور ان کی جگہ باہو بلی میں ولن کا کردار ادا کرنے والے رانا دگوبتی کو کاسٹ کیا گیا تھا۔
تاہم اب فلم کے نئے ہدایت کار کا نام بھی سامنے آیا ہے۔
انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ہاؤس فل 4 کی ہدایت کار ساجد فرحاد دیں گے، جو اس سے قبل اسی سیریز کی تیسری فلم کی ہدایت کاری کر چکے ہیں۔