طلاق کے 2 ماہ بعد ہی کرس پراٹ نے آرنلڈ شوازنیگر کی بیٹی سے منگنی کرلی
جراسک ورلڈ، اوینجر: انفنٹی وار اورگارڈینز آف دی گلیکسی جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار کرس پراٹ نے اپنی پہلی طلاق ہونے کے محض 2 ماہ بعد ہی منگنی کرلی۔
39 سالہ کرس پراٹ اور اداکارہ 41 سالہ اینا فارس کے درمیان 9 نومبر 2018 کو طلاق ہوئی تھی۔
دونوں نے اگست 2017 میں علیحدگی اختیار کرلی تھی اور دونوں نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا، جس نے ڈیڑھ سال سے زائد عرصے کے بعد ان کی طلاق پر فیصلہ سنایا تھا۔
دونوں کو ایک بچہ بھی ہے، جس کی عمر بہت کم ہے، جس وجہ سے عدالت نے انہیں ہدایت کی تھی کہ دونوں آئندہ پانچ سال تک ایک دوسرے کے قریب رہائش اختیار کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کرس پراٹ اور اینا فارس کے درمیان طلاق ہوگئی
عدالت نے انہیں حکم دیا تھا کہ کہ جب تک ان کا بچہ چھٹی جماعت کا امتحان پاس نہیں کرلیتا، تب تک وہ ایک دوسرے کے قریب رہائش اختیار کریں گے۔
علاوہ ازیں جوڑے کو عدالت نے ہدایت کی تھی کہ اگر کن ناگزیر وجوہات کی بناء پر کسی فریق کو اپنی رہائش تبدیل کرنی پڑے تو وہ دوسرے فریق کو تحریری طور پر کم سے کم 3 ماہ قبل اطلاع دینا کا پابند ہوگا۔