کرس پراٹ اور اینا فارس کے درمیان طلاق ہوگئی

09 نومبر 2018
دونوں نے 2009 میں شادی کی تھی—فوٹو: اے او اے ڈاٹ کام
دونوں نے 2009 میں شادی کی تھی—فوٹو: اے او اے ڈاٹ کام

جراسک ورلڈ، اوینجر: انفنٹی وار اورگارڈینز آف دی گلیکسی جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار کرس پراٹ اور اداکارہ اینا فارس میں بالآخر طلاق ہوگئی۔

دونوں نے اگست 2017 میں علیحدگی اختیار کرلی تھی اور دونوں نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا تھا، تاہم ڈیڑھ سال سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود ان میں طلاق نہ ہوسکی تھی۔

دونوں نے 2009 میں شادی کی تھی اور جوڑے کو ایک بیٹا بھی ہے۔

شوبز نشریاتی ادارے ’ٹی ایم زیڈ‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ دونوں کے درمیان باقاعدہ طور پر طلاق ہوگئی، تاہم عدالت نے دونوں کو ایک دوسرے کے انتہائی قریب رہائش اختیار کرنے کا حکم دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق عدالت نے دونوں کو اس بات کا پابند کیا ہے کہ وہ آئندہ پانچ سال تک ایک دوسرے سے 5 میل کی دوری پر رہائش اختیار کریں گے۔

دونوں میں 2017 میں علیحدگی ہوئی تھی—فوٹو: اے او اے ڈاٹ کام
دونوں میں 2017 میں علیحدگی ہوئی تھی—فوٹو: اے او اے ڈاٹ کام

عدالتی حکم نامے میں دونوں کو مزید کہا گیا ہے کہ جب تک ان کا بچہ چھٹی جماعت کا امتحان پاس نہیں کرلیتا، تب تک وہ ایک دوسرے کے قریب رہائش اختیار کریں گے۔

علاوہ ازیں جوڑے کو عدالت نے ہدایت کی ہے کہ اگر کن ناگزیر وجوہات کی بناء پر کسی فریق کو اپنی رہائش تبدیل کرنی پڑے تو وہ دوسرے فریق کو تحریری طور پر کم سے کم 3 ماہ قبل اطلاع دینا کا پابند ہوگا۔

ساتھ ہی عدالت نے دونوں کو حکم دیا ہے کہ اگر کسی فریق کو کم سن بچے کو علاقے یا ملک سے باہر لے جانا ہو تو وہ دوسرے فریق کو ایک ماہ قبل تحریری طور پر مطلع کرنے کا پابند ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: جینیفر لارنس نے کرس پراٹ سے رومانوی تعلقات کی وضاحت کردی

رپورٹ یہ نہیں بتایا گیا کہ دونوں میں طلاق ہوجانے کے بعد اینا فارس کو معاوضے میں کتنی رقم ملی۔

دونوں نے 2017 میں علیحدگی اختیار کرنے کے بعد ایک دوسرے کے خلاف کوئی نامناسب بیان نہیں دیا تھا، بلکہ دونوں اس انتظار میں تھے کہ ان کی جلد سے جلد طلاق ہوجائے۔

دونوں نے کبھی بھی ایک دوسرے پر الزام تراشی نہیں کی—فوٹو: اے او اے ڈاٹ کام
دونوں نے کبھی بھی ایک دوسرے پر الزام تراشی نہیں کی—فوٹو: اے او اے ڈاٹ کام

ان دونوں کی طلاق سے قبل رواں برس فروری میں امریکی و برطانوی میڈیا میں چہ مگوئیاں تھیں کہ کرس پراٹ کے ساتھی اداکارہ جینیفر لارنس کے ساتھ تعلقات ہیں۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ جینیفر لارنس اور کرس پراٹ کے درمیان 2016 میں اس وقت تعلقات استوار ہوئے جب دونوں فلم ‘پسینجر’ کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔

تاہم فروری میں جینیفر لارنس نے کرس پراٹ سے تعلقات استوار ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے ساتھی اداکار کے ساتھ کبھی بھی رومانوی تعلقات نہیں رہے۔

39 سالہ کرس پراٹ نے 2000 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور اب تک انہوں نے 40 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ اینا فارس سے ان کی پہلی شادی تھی۔

اینا فارس کی کرس پراٹ سے دوسری شادی تھی—فوٹو: اے او اے ڈاٹ کام
اینا فارس کی کرس پراٹ سے دوسری شادی تھی—فوٹو: اے او اے ڈاٹ کام

41 سالہ اینا فارس نے 1996 میں اداکاری کی شروعات کی اور انہوں نے بھی 40 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، جب کہ انہوں نے ایک درجن سے زائد ڈراموں میں بھی کام کیا۔

اینا فارس نے کرس پراٹ سے دوسری شادی کی تھی، ان کی پہلی شادی اداکار بین اندرا سے 2004 میں ہوئی تھی، جن سے انہوں نے 2008 میں طلاق لے لی تھی۔

پہلی شادی ختم ہونے کے محض ایک سال بعد ہی اینا فارس نے کرس پراٹ سے شادی کی تھی۔

جینیفر لارنس اور کرس پراٹ کے درمیان تعلقات کی خبریں گردش کرتی رہیں—فائل فوٹو: اے پی
جینیفر لارنس اور کرس پراٹ کے درمیان تعلقات کی خبریں گردش کرتی رہیں—فائل فوٹو: اے پی

تبصرے (0) بند ہیں