‘چاہتی ہوں لوگ آنکھ مارنے والی لڑکی کے طور پر نہ پہچانیں‘
گزشتہ برس سوشل میڈیا پر ایک ملائلم فلم کے سین کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایک ہی رات میں اسٹار بن جانے والی بھارتی اداکارہ پریا پرکاش وریئر اس بات پر خفا ہیں کہ لوگ انہیں آنکھ مارنے والی لڑکی کے طور پر جانتے ہیں۔
گزشتہ برس فروری میں پریا پرکاش کی ملائلم فلم ’اورو آدھار لو‘ کے گانے ’مانیکا ملارایا پووی ‘ کے ایک سین کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی۔
مختصر ویڈیو میں پریا پرکاش وریئر کو ساتھی اداکار کو شرارتی اور رومانوی انداز میں آنکھ مارتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
اس گانے کی ویڈیو ویلن ٹائن ڈے سے قبل ریلیز کی گئی تھی، تاہم یہ مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی اور پریا پرکاش راتوں رات اسٹار بن گئی تھی۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ایک ہی دن میں پریا پرکاش کے انسٹاگرام پر 30 لاکھ فالوؤرز بن گئے تھے جب کہ وہ بھارت میں چند ہفتوں تک گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت بھی بن گئی تھیں۔
جہاں وہ آنکھ مارنے کی وجہ سے مشہور ہوئی تھیں، وہیں ان پر ریاست تلنگانہ کے مسلمانوں نے مقدمہ بھی دائر کروایا تھا، تاہم بعد ازاں ان کے خلاف مقدمہ واپس لے لیا گیا تھا۔