‘چاہتی ہوں لوگ آنکھ مارنے والی لڑکی کے طور پر نہ پہچانیں‘

اپ ڈیٹ 14 جنوری 2019
چاہتی ہوں لوگ ایک اداکارہ کے طور پر پہچانیں، پریا پرکاش—فوٹو: این ڈی ٹی وی
چاہتی ہوں لوگ ایک اداکارہ کے طور پر پہچانیں، پریا پرکاش—فوٹو: این ڈی ٹی وی

گزشتہ برس سوشل میڈیا پر ایک ملائلم فلم کے سین کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایک ہی رات میں اسٹار بن جانے والی بھارتی اداکارہ پریا پرکاش وریئر اس بات پر خفا ہیں کہ لوگ انہیں آنکھ مارنے والی لڑکی کے طور پر جانتے ہیں۔

گزشتہ برس فروری میں پریا پرکاش کی ملائلم فلم ’اورو آدھار لو‘ کے گانے ’مانیکا ملارایا پووی ‘ کے ایک سین کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی۔

مختصر ویڈیو میں پریا پرکاش وریئر کو ساتھی اداکار کو شرارتی اور رومانوی انداز میں آنکھ مارتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

اس گانے کی ویڈیو ویلن ٹائن ڈے سے قبل ریلیز کی گئی تھی، تاہم یہ مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی اور پریا پرکاش راتوں رات اسٹار بن گئی تھی۔

اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ایک ہی دن میں پریا پرکاش کے انسٹاگرام پر 30 لاکھ فالوؤرز بن گئے تھے جب کہ وہ بھارت میں چند ہفتوں تک گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت بھی بن گئی تھیں۔

جہاں وہ آنکھ مارنے کی وجہ سے مشہور ہوئی تھیں، وہیں ان پر ریاست تلنگانہ کے مسلمانوں نے مقدمہ بھی دائر کروایا تھا، تاہم بعد ازاں ان کے خلاف مقدمہ واپس لے لیا گیا تھا۔

آنکھ مارنے والی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پریا راتوں رات اسٹار بن گئی تھیں—اسکرین شاٹ
آنکھ مارنے والی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پریا راتوں رات اسٹار بن گئی تھیں—اسکرین شاٹ

گانے میں آنکھ مارنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ہر کوئی پریا پرکاش کو آنکھ مارنے والی لڑکی کے طور پر پہچاننے لگا اور یہ اطلاعات بھی آئیں کہ انہیں متعدد بولی وڈ فلموں میں کام کرنے کی پیش کش ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لڑکے کو آنکھ مارنے والی لڑکی ایک دن میں اسٹار بن گئی

یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ پریا پرکاش کو رنویر سنگھ کی فلم ’سمبا‘ میں کاسٹ کیا جائے گا، تاہم بعد ازاں اس فلم میں سارہ علی خان کو کاسٹ کیا گیا۔

حال ہی میں پریا پرکاش نے سمبا میں کاسٹ کیے جانے اور بولی وڈ میں اپنے کیریئر کے حوالے سے پہلی بار بات کی اور انکشاف کیا کہ وہ رنویر سنگھ کی بہت بڑی مداح ہیں۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انہیں متعدد فلموں کی پیش کش ہوئی—فوٹو: پریا پرکاش انسٹاگرام
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انہیں متعدد فلموں کی پیش کش ہوئی—فوٹو: پریا پرکاش انسٹاگرام

اںڈیا ٹوڈے کے مطابق پریا پرکاش نے اپنی آنے والی بولی وڈ فلم ’سری دیوی بنگلو‘ کے ٹریلر کو ریلیز کیے جانے کے بعد موقع پر انکشاف کیا کہ وہ حال ہی میں ایک تقریب میں رنویر سنگھ سے ملیں اور انہیں بتایا کہ وہ ان کی بہت بڑی مداح ہیں۔

پریا پرکاش کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش تھی کہ انہیں ’سمبا‘ میں کاسٹ کیا جاتا اور انہیں اس فلم میں کاسٹ کرنے سے متعلق چہ مگوئیاں بھی ہوئیں، کاش وہ چہ مگوئیاں سچ ثابت ہوتیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں پریا پرکاش نے بولی وڈ اداکاراؤں سارہ علی خان، جھانوی کپور، عالیہ بھٹ اور شردھا کپور کی تعریف کرتے ہوئے انہیں خود سے سینیئر اور اچھی اداکارائیں قرار دیا۔

شوبز میں کسی سے مقابلہ نہیں چاہتی، اداکارہ—فوٹو: پریا پرکاش انسٹاگرام
شوبز میں کسی سے مقابلہ نہیں چاہتی، اداکارہ—فوٹو: پریا پرکاش انسٹاگرام

پریا پرکاش کا کہنا تھا کہ وہ فلم انڈسٹری میں ان اداکاراؤں سے مقابلہ نہیں کرنا چاہتیں، تاہم وہ چاہتی ہیں کہ انہیں بھی انڈسٹری میں ایک مقام ملے۔

مزید پڑھیں: لڑکے کو آنکھ مارنے والی لڑکی کے خلاف مقدمہ درج

پریا پرکاش کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ لوگ انہیں ایک آنکھ مارنے والی لڑکی کے طور پر نہیں بلکہ ایک اداکارہ کے طور پر پہچانیں۔

خیال رہے کہ پریا پرکاش کی پہلی بولی وڈ فلم ’سری دیوی بنگلو’ کی ہدایات بھی ملائلم ڈائریکٹر پرشانت ممبولی دے رہے ہیں اور اطلاعات ہیں کہ اس فلم کو 70 کروڑ روپے کے بجٹ سے تیار کیا گیا۔

آنکھ مارنے والی لڑکی کی شناخت نہیں چاہتی، اداکارہ—فوٹو: پریا پرکاش انسٹاگرام
آنکھ مارنے والی لڑکی کی شناخت نہیں چاہتی، اداکارہ—فوٹو: پریا پرکاش انسٹاگرام

اگرچہ اس فلم کے حوالے سے فلم کی ٹیم نے وضاحت نہیں کی، تاہم کہا جا رہا ہے کہ یہ فلم آنجھانی اداکارہ سری دیوی کی گلیمرس اور کامیاب زندگی کے گرد گھومتی ہے۔

فلم کے جاری کیے گئے مختصر ٹیزر میں پریا پرکاش کو سری دیوی کے کردار میں دکھایا گیا ہے، جو سپر اسٹار کی طرح عیاشی کی زندگی گزارتے دکھائی دیتی ہیں۔

اگرچہ مختصر ٹیزر سے فلم کی مکمل کہانی کا اندازہ لگانا مشکل ہے، تاہم ٹیزر کے آخر میں پریا پرکاش کو باتھ ٹپ میں سری دیوی کی طرح مرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

خیال رہے کہ سری دیوی گزشتہ برس فروری میں دبئی کے ایک نجی ہوٹل میں نہانے کے دوران باتھ ٹب میں بے ہوش بننے کے بعد ڈوب کر ہلاک ہوگئی تھیں۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے نہانے سے قبل شراب نوشی کی تھی، جس وجہ سے وہ بے ہوش ہوگئی تھیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Aban Usmani Jan 14, 2019 10:47pm
Please don't malign SriDevi. Sri Devi was on a strict diet since her comeback with MOM and was avoiding salt intake to minimize fluid retention. ths lead to her collapse not alcohol