سام سنگ کا نئے 'سستے' اسمارٹ فونز متعارف کرانے کا اعلان
سام سنگ کو اس وقت چینی کمپنیوں کے سستے اسمارٹ فونز کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا ہے اور اس کے لیے وہ ایک نئی سستی مڈرینج ڈیوائسز کی سیریز کو حل سمجھ رہی ہے۔
سام سنگ کی نئی گلیکسی ایم سیریز کے اولین 3 فونز رواں ماہ کی 28 تاریخ کو بھارت میں متعارف کرائے جارہے ہیں۔
سام سنگ کی جانب سے کیے گئے اعلان کے مطابق یہ تین فونز ایم 10، ایم 20 اور ایم 30 ہوں گے جن میں سام سنگ کا نیا انفٹنی وی ٹیئر ڈراپ ڈسپلے دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں : سام سنگ گلیکسی ایس 10 کی تاریخ رونمائی سامنے آگئی
بنیادی طور پر یہ ٹیئر ڈراپ ڈسپلے واٹر ڈراپ جیسا نوچ ہے اور حیران کن طور پر سام سنگ پہلی بار اپنے فونز میں نوچ دے رہی ہے حالانکہ ماضی میں اس کا مذاق بھی اڑاتی رہی ہے۔
یہ تینوں فونز درحقیقت بھارت کو مدنظر رکھ کر ہی تیار کیے گئے ہیں جہاں سام سنگ کو شیاﺅمی کے ہاتھوں مارکیٹ شیئر میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔