سام سنگ ایس 10 فون 5 مختلف ورژن میں متعارف ہوگا؟

اپ ڈیٹ 01 فروری 2019
ایس 10 اسٹینڈرڈ اور ایس 10 پلس کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ فوربس
ایس 10 اسٹینڈرڈ اور ایس 10 پلس کا کانسیپٹ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ فوربس

کچھ عرصے پہلے تک یہ افواہیں سامنے آتی رہی تھیں کہ سام سنگ کی جانب سے رواں گلیکسی ایس 10 تین مختلف ورژن میں متعارف کرایا جائے گا پھر یہ کہا گیا کہ تین کے علاوہ ایک فائیو جی فون بھی سامنے آئے گا۔

مگر اب ایک لیک میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سام سنگ پہلی بار 3 یا 4 نہیں بلکہ 5 ورژن میں اپنا فلیگ شپ فون پیش کرنے والی ہے۔

ڈچ بلاگ سائٹ ٹیک ٹیسٹک کی رپورٹ کے مطابق گلیکسی ایس 10، گلیکسی ایس 10 ایج، گلیکسی ایس 10 پلس اور گلیکسی ایس 10 فائیو جی کے ساتھ ساتھ گلیکسی ایس 10 بولٹ نامی ڈیوائس بھی متعارف کرائی جائے گی۔

مزید پڑھیں : سام سنگ کا پہلا 12 جی بی ریم اور 1 ٹی بی اسٹوریج والا فون

یہ پانچواں فون گلیکسی ایس 10 فائیو جی کے فیچرز شیئر کرے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ فائیو جی اور بولٹ ورژن فونز کافی حد تک ملتے جلتے ہوں گے مگر بولٹ ورژن میں بیٹری زیادہ بڑی دی جائے گی۔

یہ دونوں فونز 6.7 انچ خمدار اسکرین، کوالکوم اسنیپ ڈراگون 855 یا ایکسینوس 9820 پراسیسر، 2 فرنٹ کیمرے، 4 بیک کیمروں، الٹراسونک ان ڈسپلے فنگرپرنٹ سنسر، فائیو جی کنکٹیویٹی اور سرامک بیک جیسے فیچرز سے لیس ہوں گے۔

اس کے مقابلے میں دیگر تین فونز میں پراسیسر تو ایک جیسے ہوں گے مگر ان میں کیمرہ سیٹ اپ اور اسکرین سائز مختلف ہوں گے۔

گلیکسی ایس 10 اسٹینڈرڈ یا ایج اور گلیکسی ایس 10 پلس میں ایج اسکرین دی جائے گی جن میں سے اسٹینڈرڈ ماڈل 6.1 انچ جبکہ دوسرا 6.44 انچ اسکرین کے ساتھ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : سام سنگ گلیکسی ایس 10 میں 6 کیمرے دیئے جانے کا امکان

پلس ماڈل میں فرنٹ پر 2 جبکہ بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہوگا جبکہ اسٹینڈرڈ ماڈل میں سنگل سیلفی کیمرہ اور ڈوئل بیک کیمرہ سیٹ اپ ہوگا، اور ہاں ان دونوں میں فنگرپرنٹ سنسر اسکرین میں نصب ہوگا۔

ایس 10 لائٹ میں کیمرہ سیٹ اپ تو ایس 10 اسٹینڈرڈ والا ہوگا جبکہ اس میں فلیٹ ڈسپلے دیا جائے گا جبکہ فنگرپرنٹ سنسر سائیڈ پر موجود ہوگا۔

گلیکسی ایس 10 کے تینوں فور جی ماڈلز فروری کے آخر تک جبکہ فائیو جی ماڈلز رواں سال کسی وقت صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں