Dawn News Television

اپ ڈیٹ 20 جنوری 2019 12:57am

بھارت: راجستھان میں سوائن فلو سے 17 روز میں 40 افراد ہلاک

غیرملکی سیاحوں میں مقبول بھارتی ریاست راجستھان میں گزشتہ 17 روز کے دوران سوائن فلو کی وبا سے کم ازکم 40 افراد ہلاک ہوگئے۔

الجزیزہ کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی مغربی ریاست میں رواں ماہ میں ایک ہزار سے زائد لوگوں کو سوائن فلو کی تشخیص ہوچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عامر خان، اہلیہ سمیت سوائن فلو کا شکار

واضح رہے کہ سوائن فلو (ایچ ون این ون) متعدی مرض ہے جو انسان سے انسان میں منتقل ہوجاتا ہے اور بھارت میں گزشتہ برس سوئن فلو سے 11 سو افراد ہلاک اور 15 ہزار کے طبی ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔

راجستھان کے محکمہ صحت کے مطابق یکم سے 17 جنوری کے دوران تقریباً 40 اموات ہو چکی ہیں۔

راجستھان کے ضلع جودھ پور میں سوائن فلو سے سب سے زیادہ یعنی 16 اموات ریکارڈ ہوئی اور 225 لوگوں کے ٹیسٹ مثبت آئے۔

مقامی میڈیا کے مطابق سوائن فلو سے نئی دہلی میں رواں ماہ 2 افراد کی ہلاکت ہوئی۔

نیشنل سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول (این سی ڈی سی) کے مطابق نئی دہلی میں 13 جنوری تک 168 کیس رپورٹ ہوئے۔

مزید پڑھیں: سوائن فلو کے دو مشتبہ مریضوں کی ہلاکت

اس حوالے سے بتایا گیا کہ بھارت میں نئی دہلی اور راجستھان سمیت مغربی اور شمالی علاقوں میں دسمبر سے جنوری کے دوران سردیوں میں سوائن فلو تیزی سے پھیلتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس اگست میں بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان اور ان کی اہلیہ کرن راؤ سوائن فلو کا شکار ہوگئے تھے جس کی وجہ سے اداکار نے ایک ہفتے تک اپنی تمام سرگرمیاں منسوخ کردی تھیں۔

عامر خان اور ان کی اہلیہ کرن راؤ کو اچانک پتہ چلا تھا کہ وہ ’ایچ ون این ون وائرس‘ میں مبتلا ہیں، جسے سوائن فلو بھی کہا جاتا ہے۔

Read Comments