Dawn News Television

شائع 21 جنوری 2019 04:55pm

پاکستانی شہریت چھوڑنے والے عدنان سمیع کا گانا اور مایا علی کا رقص

پاکستانی اداکارہ مایا علی ایک بہترین اداکارہ ہی نہیں بلکہ بہت اچھی ڈانسر بھی ہیں جن کی ڈانس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے۔

وہ ان دونوں اپنی کزن کی شادی میں مصروف ہیں، جن کی مہندی پر مایا علی کے کیے رقص کو شائقین نے خوب پسند کیا۔

مایا علی نے حال ہی میں اپنی کزن کی مہندی پر شرکت کی، اس دوران وہ سبز رنگ کی انارکلی فراک میں نظر آئیں۔

مایا علی نے اس موقع پر کئی بھارتی گانوں پر رقص کیا، جن کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آئیں۔

تاہم ایک ویڈیو سب سے زیادہ توجہ کا مرکز بنی، جس میں مایا علی ’یہ زمین رک جائے‘ گانے پر رقص کرتی نظر آئیں۔

واضح رہے کہ یہ گانا عدنان سمیع خان نے گایا ہے، جو کہ پاکستان کی شہریت چھوڑ کر ہندوستانی شہری بن چکے ہیں۔

یہ گانا 2002 میں ریلیز ہوا تھا۔

خیال رہے کہ عدنان سمیع نے 2013 میں سب سے پہلے ہندوستانی شہریت کے لیے درخواست دائر کی تھی، تاہم اس وقت ان کی درخواست مسترد کردی گئی تھی جس کے بعد انہوں نے 2015 مارچ میں ایک بار پھر بھارتی شہریت کی درخواست دائر کی۔

جس کے بعد 2015 میں عدنان سمیع خان کو ہندوستانی سٹیزن شپ ایکٹ 1995 کے سیکشن 6 کے تحت شہریت دی گئی جس کا اطلاق یکم جنوری 2016 سے ہوا.

مزید پڑھیں: 'پاکستان میں لوگ میرے پتلے جلارہے ہیں'

ہندوستان میں اس سیکشن کے تحت سائنس، فلسفہ، آرٹ، ادب، دنیا میں امن اور انسانی حقوق کے لیے نمایاں خدمات فراہم کرنے والے درخواست گزاروں کو شہریت دی جاتی ہے۔

پاکستانی شہر لاہور سے تعلق رکھنے والے 45 سالہ عدنان سمیع پہلی بار 13 مارچ 2001 میں ایک سال کے وزیٹرز کے ویزے پر ہندوستان گئے تھے، جس کے بعد ان کے ویزا میں کئی بار توسیع کی گئی۔

27 مئی 2010 کو جاری کیے گئے ان کے پاکستانی پاسپورٹ کی مدت 26 مئی 2015 کو ختم ہوگئی تھی جس کی حکومت پاکستان نے تجدید نہیں، جس کے بعد انہوں نے ہندوستانی حکومت سے ملک میں اپنے قیام کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر قانونی قرار دینے کی درخواست کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: عدنان سمیع نے بھارتی شہریت کیوں اختیار کی؟

ان کی درخواست پر غور و فکر کے بعد ہندوستانی وزارت داخلہ نے انہیں غیر معینہ مدت تک ہندوستان میں قیام کی اجازت دے دی تھی۔

جس پر عدنان سمیع کا کہنا تھا کہ انھیں ہندوستان میں غیر معینہ مدت تک رہنے کی اجازت ملنے پر پاکستانی عوام خوش نہیں ہیں اور وہ ان کے پتلے جلا رہے ہیں.

غیر معینہ مدت تک ہندوستان میں قیام کی اجازت ملنے پر عدنان سمیع کا یہ بھی کہنا تھا کہ "میں بہت خوش ہوں کہ آخر کار میں نے اپنا گھر تلاش کرلیا ہے".

مزید پڑھیں: عدنان سمیع کی انڈین شہریت کیلئے 'دوبارہ' درخواست

1969 میں لندن میں پیدا ہونے والے عدنان سمیع پاکستانی سفارت کار ارشد سمیع اور ہندوستانی نژاد نورین خان کے بیٹے ہیں۔

عدنان سمیع نے میوزک انڈسٹری کو 'کبھی تو نظر ملاؤ، تو صرف میرا محبوب، عشق ہوتا نہیں سبھی کے لیے اور گیلا گیلا گیلا ' جیسے مشہور گانے دیئے ہیں۔

Read Comments