Dawn News Television

شائع 11 فروری 2019 06:21pm

خاتون مسافر سے جنسی تعلق کا مطالبہ کرنے والا اوبر ڈرائیور گرفتار

آن لائن سفری سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی اوبر کے ڈرائیورز پر یوں تو ہر آئے دن الزامات لگتے رہتے ہیں۔

تاہم امریکی ریاست میساچوٹس میں خاتون مسافر کو پیسوں کے بدلے جنسی تعلق کی پیش کش کرنے اور انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں اوبر کے ایک ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا۔

بوسٹن کے مقامی نشریاتی چینل ’سی بی ایس بوسٹن‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ خاتون مسافر نے پولیس کو اطلاع دی کہ انہیں اوبر ڈرائیور نے دوران سفر نامناسب انداز میں چھوا اور بعد ازاں خاتون کے انکار پر زبردستی کرنے کی کوشش کی۔

خاتون نے دعویٰ کیا کہ اوبر ڈرائیور نے ابتدائی طور پرنامناسب انداز میں ان کی ٹانگوں کو چھوا اور انکار کرنے پر ڈرائیور نے پیسوں کے بدلے جنسی تعلق استوار کرنے کی پیش کش کی۔

خاتون کا کہنا تھا کہ اوبر ڈرائیور نے انہیں 100 ڈالرز کے بدلے جنسی تعلق قائم کرنے کی پیش کش کی، تاہم انہوں نے انکار کردیا۔

خاتون کے مطابق ان کی جانب سے جنسی تعلق استوار کرنے کے انکار کے بعد ڈرائیور نے انہیں نامناسب انداز میں چھوا، جس کے بعد خاتون نے ڈرائیور کو دھمکی دی کہ وہ پولیس کو مطلع کردیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: دہشت گردی کے الزام میں اوبر کا ڈرائیور معطل

خاتون نے بتایا کہ پولیس کی دھمکی دیے جانے کے بعد ہی ڈرائیور نے ان کے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کی۔

اوبر ڈرائیور کی جانب سے زبردستی کیے جانے پر خاتون نے پولیس کو اطلاع دی اور ڈرائیور کا نمبر بھی فراہم کردیا۔

رپورٹ کے مطابق پولیس نے ڈرائیور کے نمبر کے ذریعے ان کا سراغ لگا کر گرفتار کرلیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی دنیا کے مختلف ممالک میں اوبر سمیت دیگر آن لائن سفری سہولیات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ڈرائیورز پر بھی مختلف الزامات لگتے رہے ہیں۔

امریکا اور برطانیہ سمیت زیادہ تر یورپی ممالک میں اوبر سمیت دیگر سفری سہولیات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ڈرائیورز خواتین مسافروں کو ہراساں کرنے کے الزامات میں ملوث پائے گئے ہیں۔

Read Comments