Dawn News Television

اپ ڈیٹ 27 فروری 2019 08:47pm

دفتر خارجہ کی ویب سائٹ پر بھارتی ہیکروں کے سائبر حملے

بھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں کا سلسلہ جاری ہے اور بھارتی ہیکروں کی جانب سے پاکستانی دفتر خارجہ کی ویب سائٹ پر حملے جاری ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل کے مطابق دفتر خارجہ کو کئی ممالک سے ویب سائٹ نہ کھلنے کی شکایات موصول ہوئیں، تاہم وزارت کی آئی ٹی ٹیم سائبر حملے ناکام بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

ویب سائٹ کا اسکرین شاٹ

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ہیکروں نے دفتر خارجہ کی ویب سائٹ پر سائبر حملہ کر کے وزیر اعظم عمران خان کی پروفائل بھی اڑا دی۔

انہوں نے بتایا کہ ویب سائٹ نہ کھلنے کی شکایات ہالینڈ، آسٹریلیا، برطانیہ اور سعودی عرب سے موصول ہوئیں، تاہم پاکستان میں ویب سائٹ ٹھیک چل رہی ہے۔

واضح رہے کہ دفتر خارجہ کی ویب سائٹ پر ایک ایسے موقع پر سائبر حملہ کیا گیا جب بھارت، پلوامہ حملے کا الزام پاکستان پر لگا رہا ہے جبکہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اتوار کو سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی پولیس کی ویب سائٹ مبینہ بھارتی گروپ کے ہاتھوں ہیک

بھارتی ہیکروں کی جانب سے اس سے قبل بھی کئی بار پاکستانی اداروں اور سیاسی جماعتوں کی ویب سائٹس پر حملے کیے جاچکے ہیں۔

جون 2017 میں بھارتی ہیکرز کی ٹیم نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی ویب سائٹ پر سائبر حملہ کیا تھا۔

بعد ازاں بھارتی ہیکروں نے مبینہ طور پر کراچی پولیس کی ویب سائٹ ہیک کی۔

Read Comments