کراچی: بلاول ہاؤس کے میڈیا سیل کی ویب سائٹ پر بھارتی ہیکرز نے حملہ کرکے اسے ہیک کرلیا۔

ہیکرز نے ویب سائٹ پر بھارتی پرچم کے رنگوں کا استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کو ہیک کرلیا گیا ہے۔‘

ساتھ ہی یہ بھی لکھا گیا کہ ’یہ پاکستانی اداروں کے لیے پیغام ہے کہ وہ بھارتی سائبر اسپیس سے دور رہیں۔‘

بلاول ہاؤس کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر میڈیا سیل کے انچارج سریندر ولاسائی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’بھارتی ہیکرز نے بلاول ہاؤس میڈیا سیل کی ویب سائٹ ہیک کرلی، جس کی بحالی کے لیے ہماری تکنیکی ٹیم کام کر رہی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی ویب سائٹس کو اس سے قبل بھی قیادت کے کشمیر پر واضح موقف کے باعث بھارتی ہیکرز نشانہ بناتے رہے ہیں۔‘

سریندر ولاسائی کا کہنا تھا کہ ’پیپلز پارٹی کی قیادت نے بهارتی افواج کے ہاتهوں کشمیریوں کی نسل کشی کے خلاف عالمی سطح پر آواز اٹھائی ہے، لیکن اس طرح کے بزدلانہ حملے ہمیں گجرات اور کشمیر کے قصائی نریندر مودی کے خلاف آواز بلند کرنے سے نہیں روک سکتے۔‘

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا حکومت کی ویب سائٹ ہیک

اکتوبر 2014 میں بھی پاکستان پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنانے کے بیان پر بھارتی ہیکرز نے پی پی پی کی ویب سائٹ کو ہیک کرلیا تھا۔

نومبر 2016 میں پاکستان ریلوے کی جانب سے نئے ای ٹکٹنگ سسٹم متعارف کرائے جانے کے بعد بھارتی ہیکرز نے ریلوے کی ویب سائٹ پر بھی حملوں کا سلسلہ تیز کردیا اور رپورٹس کے مطابق ریلوے کی ویب سائٹ کو 2 لاکھ مرتبہ ہیک کرنے کی کوشش کی گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں