Dawn News Television

شائع 23 فروری 2019 11:31am

احسن خان اور عائزہ خان ایک ساتھ ویب سیریز میں کام کرنے کو تیار

سوشل میڈیا کے دور میں ٹیلی ویژن ڈراموں کے بعد ویب سیریز کا بڑھتا رجحان پاکستان اداکاروں کو بھی اپنی جانب متوجہ کررہا ہے اور اب اداکار احسن خان اور اداکارہ عائزہ خان بھی اس کا حصہ بننے جارہے ہیں۔

یہ دونوں اداکار ڈراموں کے ساتھ ساتھ اب ایک ساتھی ویب سیریز میں بھی کام کرتے نظر آئیں گے۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے احسن خان کا کہنا تھا کہ یہ ویب سیریز ذی چینل کے لیے ہے جس میں سمیعہ ممتاز‬، قوی خان اور سہیل احمد بھی کام کرتے نظر آئیں گے۔

مزید پڑھیں: یاسرحسین کی ویب سیریز کے ساتھ ڈیجیٹل دنیا میں انٹری

احسن خان کے مطابق ’ایک بہترین ٹیم اس ویب سیریز پر کام کررہی ہے جبکہ ہدایت کار بھی کافی قابل ہیں‘۔

اداکار نے تصدیق کی کہ یہ ویب سیریز پاکستانی ڈرامے جیسی ہی ہوگی، تاہم اب تک اس کا نام فائنل نہیں کیا گیا۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک ویب سیریز ہے لیکن ہوگی ڈرامے کی طرح ہی، جس میں ہماری ثقافت کو پیش کیا جائے گا‘۔

یہ بھی پڑھیں: مہوش حیات کی ویب سیریز سامنے آگئی

ویب سیریز کی کہانی کے حوالے سے اداکار نے بتایا کہ ’ویب سیریز کی کہانی جاگیردارانہ پس منظر پر مبنی ہے، جیسے جب آپ کسی جگہ پر سب سے بڑے ہوں اور آپ کے پاس بےحد جائیداد بھی ہو، تاہم کوئی اور اس کی جائیداد اور نام حاصل کرنا چاہتا ہو، ڈرامے میں خاندانی جھگڑوں کو دکھایا جائے گا‘۔

اداکار نے مزید کہا کہ ’کہانی خاندانی سیاست پر مبنی ہے، کیسے کوئی مستحق لوگوں کی مدد کرنا چاہتا ہو لیکن چند لوگ اس کے راستے کی دیوار بن جائیں، کہانی بےحد دلچسپ ہے، اسے بہت بہترین انداز میں تحریر کیا گیا ہے جو پاکستانی ثقافت کو پیش کرے گا‘۔

مزید پڑھیں: بیگم نوازش علی کی ویب سیریز کے ساتھ واپسی

احسن خان کے مطابق ’یہ ہمارے ڈراموں کی طرح ہی ہوگا جنہیں دنیا بھر میں لوگ دیکھنا چاہتے ہیں، دنیا بھر کے لوگ پاکستانی ڈراموں کو پسند کرتے ہیں اور امید ہے کہ ویب سیریز کے ذریعے لوگ پاکستانی ثقافت کو دیکھ پائیں گے‘۔

ویب سیریز رواں سال مارچ میں ریلیز ہوگی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل احسن خان اور عائزہ خان ایک ساتھ جیو ٹی وی کے ڈرامے ’میرا پیار ہے تو‘ میں کام کرچکے ہیں جو 2013 میں ریلیز ہوا تھا۔

Read Comments